

بھوپال/بالاگھاٹ، 16 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع کے بھرویلی تھانہ علاقے میں بدھ کی رات ایک تیز رفتار سیمنٹ سے بھرے ٹرک نے بائیک کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں موئل ملازم سمیت اس کے دو مزدور دوستوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی ضبط کر لی ہے۔
معلومات کے مطابق، بھرویلی تھانہ علاقے کے مانیگاوں میں بدھ کی رات اس وقت ایک حادثہ ہو گیا، جب ایک ہی محلے کے رہنے والے تین دوست بائیک سے ٹیکاری میں چائے ناشتہ کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران بالاگھاٹ سے ملاجکھنڈ کی طرف سیمنٹ لے کر جا رہے ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی بائیک کو سامنے سے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بائیک چلا رہے 41 سالہ موئل ملازم گووند مرسکولے ٹرک کے پہیے کی زد میں آ گئے اور تقریباً 50 سے 60 میٹر تک گھسٹتے چلے گئے، جس سے موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بھرویلی تھانہ پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے شدید طور پر زخمی دونوں دیگر نوجوانوں کو ضلع اسپتال پہنچایا۔
اسپتال میں داخل کرائے گئے زخمیوں میں سے پرکاش چورے (41) نے بدھ کی رات تقریباً 11 بجے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ وہیں، بے حد نازک حالت میں 23 سالہ دھانیشور مرسکولے کو بہتر علاج کے لیے ناگپور ریفر کیا جا رہا تھا، لیکن جمعرات کی صبح راستے میں انہوں نے بھی آخری سانس لی۔ متوفی گووند مرسکولے اپنے خاندان کے اکلوتے بیٹے تھے، جن کے پیچھے بیوی، دو بچے اور بوڑھی ماں ہیں۔ مزدوری کرنے والے پرکاش چورے اپنے پیچھے بیوی اور پانچ بچوں کا بڑا خاندان چھوڑ گئے ہیں، جبکہ سب سے چھوٹا دوست دھانیشور ابھی غیر شادی شدہ تھا۔ سابق ڈپٹی سرپنچ پون ڈہروال اور مقامی سرپنچ نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ اور امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھرویلی تھانہ انچارج بھوپیندر سنگھ پنندرو نے معاملے کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے حادثے کا شکار ٹرک کو ضبط کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہٹ اینڈ رن کے معاملے میں فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور نصرت علی ساکن بلارشاہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ضلع اسپتال میں تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد مرگ قائم کر لی ہے اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن