
اجین، 16 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اجین کے رہنے والے ایک نوجوان کی تھائی لینڈ کے بینکاک میں سمندر میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ نوجوان کی شناخت ارپت نامدیو کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی سطح پر قانونی کارروائی اور پولیس جانچ ہونے کی وجہ سے ان کی لاش ہندوستان لانے میں تقریباً ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔
اہل خانہ سے موصولہ معلومات کے مطابق ارپت نامدیو پونے میں واقع ایک سافٹ ویئر کمپنی میں ملازم تھے۔ کمپنی کے سرکاری ٹور کے تحت وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ تھائی لینڈ گئے تھے۔ اسی دوران سمندر میں نہاتے کے وقت یہ حادثہ پیش آیا، جس میں ان کی جان چلی گئی۔
ارپت گزشتہ کچھ برسوں سے اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ساتھ پونے میں رہ رہے تھے۔ ان کے والد رامیشور نامدیو اجین کلکٹر آفس میں اسسٹنٹ کے عہدے پر ملازم ہیں۔
ارپت کے تایا شنکر لال نامدیو نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد رامیشور نامدیو فوراً پونے پہنچے اور کمپنی کے حکام سے پورے واقعے کی معلومات لی۔ بیٹے کی موت کی تصدیق ہونے کے بعد انہوں نے خاندان کو اس کی اطلاع دی۔ بدھ کے روز وہ اپنی بہو اور دونوں پوتیوں کو پونے سے لے کر اجین کے لیے روانہ ہو گئے۔
خاندان کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ تھائی لینڈ سے ارپت کی لاش ہندوستان کب تک لائی جائے گی۔ وہاں پولیس کیس درج ہونے اور ضروری رسمی کارروائیاں پوری ہونے کے بعد ہی لاش ہندوستان بھیجی جائے گی۔
واقعے کی خبر ملتے ہی اجین میں واقع نامدیو خاندان کے گھر پر رشتہ داروں اور جاننے والوں کا پہنچنا شروع ہو گیا۔ پورے خاندان میں غم کا ماحول ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن