
سرینگر 16 جولائی (ہ س): ضلع پولیس ہیڈکوارٹر بارہمولہ نے صحافیوں کے لیے وی وی آئی پی/وی آئی پی دوروں، مذہبی اجتماعات، عوامی تقریبات اور دیگر مواقع کے دوران داخلے کے لیے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر (ڈی آئی او) بارہمولہ کی طرف سے جاری کردہ درست شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی قرار دیا ہے جن تقریبات میں پولیس کی تعیناتی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق، صرف ڈی آئی او کے جاری کردہ شناختی کارڈ رکھنے والے میڈیا والوں کو نامزد مقامات، تعیناتی کے علاقوں اور دیگر ممنوعہ مقامات تک رسائی کی اجازت ہوگی۔ آرڈر میں ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام رسائی کنٹرول اور چیکنگ پوائنٹس پر میڈیا کی اسناد کی سختی سے تصدیق کو یقینی بنائیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نمائندگی کرنے کا دعوی کرنے والے کسی فرد کو اس وقت تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ وہ ڈی آئی او بارہمولہ کی طرف سے جاری کردہ درست شناختی کارڈ پیش نہیں کرتا۔سپروائزری افسران کو سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی یا غیر مجاز رسائی کے ساتھ سنجیدگی سے نمٹا جائے گا۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے اور اگلے احکامات تک نافذ رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir