

بھوپال، 16 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیرِ کھیل و نوجوان بہبود وشواس کیلاش سارنگ نے کہا کہ ریاست کی بیٹی اور ہندوستانی خاتون کرکٹر کرانتی گوڑ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ راجدھانی بھوپال کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم میں ریاست اور ملک کا وقار بڑھانے والی ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی تیز گیند باز کرانتی گوڑ سے ملاقات کر کے انگلینڈ کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراونڈ پر ان کی شاندار کارکردگی کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
وزیر سارنگ نے کہا کہ کرانتی گوڑ نے اپنی بہترین کارکردگی سے نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ پورے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت میں ریاستی حکومت کھیلوں کی صلاحیتوں کو لگاتار فروغ دے رہی ہے۔ جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، بہتر تربیتی سہولیات اور دیہی علاقوں تک کھیلوں کے مواقع کی توسیع کا ہی یہ نتیجہ ہے کہ آج ریاست کے دیہی علاقوں کے بچے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ کرانتی گوڑ مدھیہ پردیش کے چھترپور ضلع کے گھوارا کی رہنے والی ہیں۔
کرکٹر کرانتی گوڑ نے کہا، ’’لارڈز میں ہندوستان کی جیت کا حصہ بننا میرے اور میرے خاندان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا لمحہ تھا‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ لارڈز کے باوقار آنرز بورڈ پر اپنا نام درج ہوتے دیکھ کر انہوں نے اسی وقت خاندان کو ویڈیو کال کر کے وہ تاریخی لمحہ شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’آنرز بورڈ پر نام درج کرانا ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے۔ پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر کے طور پر وہاں اپنا نام درج ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے۔ یہ کامیابی صرف میری نہیں، بلکہ میرے خاندان، میرے کوچز، مدھیہ پردیش اور پورے ملک کی ہے‘‘۔
وزیر سارنگ نے یقین ظاہر کیا کہ کرانتی گوڑ کی یہ تاریخی کامیابی ریاست کی ہزاروں بیٹیوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دے گی اور آنے والے وقت میں مدھیہ پردیش کے کھلاڑی بین الاقوامی اسٹیج پر ہندوستان کا وقار اسی طرح بڑھاتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کی تیز گیند باز کرانتی گوڑ نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی لارڈز ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں کل 7 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 37 رن دے کر 5 وکٹیں لیں۔ میچ کی دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح میچ میں 7 وکٹیں لینے پر انہیں ’پلیر آف دی میچ‘ چنا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کرانتی گوڑ باوقار لارڈز کے ’آنرز بورڈ‘ (تختیِ اعزاز) پر اپنا نام درج کرانے والی دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن