
کولگام پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس کو 6 دن میں حل کیا، یوپی سے ملزم گرفتارسرینگر، 16 جولائی (ہ س)۔ کولگام پولیس نے ایک وسیع تحقیقات کے بعد اتر پردیش کے لکھنؤ علاقے سے ملزم کو گرفتار کرکے 11 سالہ لڑکی کی موت سے جڑے ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث گاڑی کو بریلی سے بھی ٹریس کیا گیا اور اسے ضبط کرلیا گیا، جہاں ملزم نے پناہ لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاری 10 جولائی کو کے پی کالونی، ویسو کے قریب اس دلدوز حادثے کے چھ دن بعد ہوئی ہے، جب ایک نامعلوم گاڑی نے چھوٹی بچی کو ٹکر ماری۔ اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ نے جموں سری نگر قومی شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے قاضی گنڈ پولس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا اور اس کیس کو حل کرنے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔ حکام نے بتایا کہ ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی، تکنیکی شواہد کا تجزیہ کیا اور متعدد ریاستوں میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا۔ انہوں نے کہا تحقیقات کے دوران، یہ سامنے آیا کہ ملزم حادثے کے بعد لکھنؤ فرار ہو گیا تھا جبکہ بریلی میں گاڑی چھپا کر تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں تھا۔ تکنیکی نگرانی اور انٹیلی جنس معلومات کا استعمال کرتے ہوئے، تفتیشی ٹیم نے ملزم کے مقام کی نشاندہی کی۔ قاضی گنڈ سے پولیس کی ایک ٹیم نے اتر پردیش کا سفر کیا اور مقامی پولیس کی مدد سے ملزم کو لکھنؤ سے گرفتار کیا۔‘‘ پولیس نے بتایا کہ اس میں استعمال کی گئی گاڑی کو بعد میں بریلی سے برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔ ملزم کی شناخت ارون گپتا ولد للت رام گپتا کے طور پر کی گئی ہے جو اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع کے بہرین باغ کا رہنے والا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کولگام عنایت علی چودھری نے کہا کہ یہ گرفتاری موثر تکنیکی تحقیقات، تفتیشی ٹیم کی مسلسل کوششوں اور اتر پردیش پولیس کے ساتھ قریبی تال میل سے ممکن ہوئی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir