
رانچی، 16 جولائی (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے مختلف حصوں میں اگلے چند دنوں میں موسم میں تبدیلی آنے کے امکانات ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 17 اور 18 جولائی کو ریاست کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ، 20 جولائی تک ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 17 جولائی کو ریاست کے جنوبی اور وسطی حصوں کے کھونٹی اور گملا اضلاعکے کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔وہیں، 18 جولائی کو وسطی اور شمال مغربی اضلاع لاتیہار اور چترا میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔ محکمہ نے خراب موسم کے دوران محتاط اور محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ نے کہا کہ 20 جولائی تک ریاست کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر کسانوں، کھلی جگہوں پر کام کرنے والے لوگوں اور عام لوگوں کو موسم کی وارننگ پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست میں سب سے زیادہ بارش مغربی سنگھ بھوم ضلع کے مانجھری میں 66 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسی عرصے کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت پاکوڑ میں 36.3 ڈگری سیلسیس اور سب سے کم لاتیہار میں 22 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
دارالحکومت رانچی اور آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کی صبح مطلع ابر آلود رہا اور ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ تاہم دوپہر کو دھوپ نکلنے سے گرمی اور حبس کا احساس ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.6 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 23.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جمشید پور میں زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 25.4 ڈگری سیلسیس، ڈالٹن گنج میں زیادہ سے زیادہ 34.8 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24.7 ڈگری سیلسیس، بوکارو میں زیادہ سے زیادہ 33.1 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سیلسیس اور چائباسا میں زیادہ سے زیادہ 34.4 ڈگری سیلسیس اور کم از کم 25.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اورکہیں کہیں شدید بارش کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد