
اے ایم یو کے اسکو ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کے بدست آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں نئی سہولیات کا افتتاح
علی گڑھ، 16 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن پروفیسر قدسیہ تحسین نے راجا مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں نو تعمیر شدہ پارکنگ اسٹینڈ اور خواتین کے لیے تجدید شدہ اسٹاف روم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے معیاری تدریس اور ڈسپلن کے ذریعہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
پروفیسر تحسین نے مؤثر اور طلبہ پر مرکوز کلاس روم تدریس کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلاس روم میں فراہم کی جانے والی تعلیم کا معیار ہی بالآخر طلبہ کی تعلیمی کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ وقت کی پابندی کریں، تعلیمی نظم و ضبط برقرار رکھیں اور تدریس کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔
اسکول کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر سہولیات سے ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے تعلیمی معیار کو بلند رکھنے اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تدریسی عملے کے عزم اور اجتماعی کاوشوں سے اسکول مسلسل ترقی کرتا رہے گا۔
اسکول کے قائم مقام پرنسپل ڈاکٹر محمد فیاض الدین نے اسکول کی ترقی کے لیے پروفیسر تحسین کی رہنمائی اور مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ تدریسی عملہ اعلیٰ تعلیمی کو معیار برقرار رکھنے اور ان کی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے پرعزم رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ