
حیدرآباد، 17 جولائی (ہ س) ۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ(ایچ ایم آرایل)نے شہرکے مصروف ترین میٹرو اسٹیشنوں پربڑھتے ہوئے مسافروں ی بھیڑ کوکم کرنے کےلیے مزید میٹرو کوچ خریدنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس اقدام کامقصد امیرپیٹ، میاں پور، رائی درگ اور ہائی ٹیک سٹی جیسے مصروف اسٹیشنوں پر سفر کو زیادہ آسان اور آرام دہ بنانا ہے۔
حیدرآباد میٹرو ریل کے ایڈیشنل منیجنگ ڈائریکٹر بی اجیت ریڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہےکہ نئی میٹروکوچ کی خریداری کے لیے فوری طور پرمینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بات چیت شروع کی جائے، تاکہ بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد کے مطابق خدمات میں توسیع کی جا سکے۔جائزہ اجلاس میں میٹرو اسٹیشنوں کے باہرٹریفک اورآخری منزل تک سفر(لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی)کو بہتر بنانے پربھی خصوصی توجہ دی گئی۔اس سلسلے میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ٹی ایس آرٹی سی)اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی،تاکہ میٹروسے اترنے کے بعد مسافروں کواپنی منزل تک پہنچنے میں آسانی ہو۔
میٹنگ میں 69 کلومیٹرطویل پہلے مرحلےکے میٹرو نیٹ ورک پرمسافروں کی نقل وحرکت کو مزید منظم بنانے کے منصوبوں پر بھی غور کیاگیا۔ حکام کاکہنا تھاکہ حیدرآباد میٹرو شہر کی عوامی نقل و حمل کا اہم ذریعہ بن چکی ہے، اس لیے اس کی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
حیدرآباد میٹرو کے منیجنگ ڈائریکٹر شیویندر پرتاپ نے کہاکہ ادارے کی اولین ترجیح مسافروں کو بہتر سہولیات،صاف ستھرا ماحول، مؤثرسکیورٹی اوربہترہجوم انتظام فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں میٹرو اسٹیشنوں کے اندر اوراطراف پیدل چلنے والوں کےلیےراستوں کوبہتربنانے،منتخب اسٹیشنوں پرنئے آپریشنل منصوبے آزمانے، موجودہ اسکائی واکس کی دیکھ بھال اور توسیع، اورریلوے اسٹیشنوں سے میٹرو کے رابطوں کومزیدمؤثر بنانے جیسے اقدامات پر بھی غورکیاگیا۔
اس کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی، رائی درگ،گچی باؤلی، فینانشیل ڈسٹرکٹ اورکونڈاپور جیسے آئی ٹی اورکاروباری مراکزکےلیے مجوزہ پبلک ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (پی آرٹی ایس) منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں میٹرو سکیورٹی کے موجودہ انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اورمسافروں کے محفوظ اورآرام دہ سفرکو یقینی بنانے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق