
۔دونوں دوست پارٹی کے لیے نکلے تھے ، لائسنسی ریوالور سے چلی گولی
گروگرام، 16 جولائی (ہ س)۔ گروگرام کے سیکٹر 65 تھانہ علاقے کے بہرام پور گاو¿ں میں بدھ کی دیر رات کار میں چلی گولی لگنے سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ گولی لائسنس یافتہ ریوالور سے چلی ہے۔ پولیس کے ترجمان سندیپ کمار نے جمعرات کو بتایا کہ پولیس نے متوفی کے دوست کو حراست میں لےکر لائسنس یافتہ ریوالور ضبط کر لی ہے، جو اس کے والد کا تھا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ گولی جان بوجھ کر چلائی گئی یا غلطی سے چلی ۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 28 سالہ آکاش کے نام سے ہوئی ہے جو بدر پور کا رہائشی تھا۔ بدھ کی رات آکاش بہرام پور کے رہنے والے اپنے دوست لکی سے ملنے آیا تھا۔ دونوں نے پارٹی کا منصوبہ بنایا اور لکی کی کار میں چلے گئے۔
اس دوران لکی کے پاس کار میں اپنے والد کا لائسنس یافتہ ریوالور بھی تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار میں ریوالور دیکھتے ہوئے گولی چل گئی۔ گولی سیدھی آکاش کے سر میں جا لگی۔ گولی لگتے ہی آکاش کار میں ہی بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ لکی اسے فوری طور پر سیکٹر 57 کے مارینگو ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکٹر 65 تھانے کی پولیس اور کرائم برانچ کی ٹیم اسپتال پہنچی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ اس کے دوست لکی کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے والد کا لائسنس یافتہ ریوالور بھی ضبط کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان سندیپ کمار نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ گولی قتل کی نیت سے چلائی گئی یا یہ ایک حادثہ تھا۔ لکی اپنے والد کا لائسنس یافتہ ریوالور کس مقصد کے لیے گاڑی میں لایا تھا اور آیا اس نے ریوالور کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی، اس کی تفتیش پولیس کر رہی ہے۔فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد