
جموں, 16 جولائی (ہ س)۔
امرناتھ یاترا کے پندرہویں جتھے میں شامل 5,201 تیرتھ یاتری جمعرات کی علی الصبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری بیس کیمپ سے کشمیر میں واقع بالتل اور پہلگام کے بنیادی کیمپوں کے لیے روانہ ہوئے۔
سرکاری حکام کے مطابق جتھے میں 92 سادھو، 9 سادھویاں، 3,970 مرد، 1,124 خواتین، 5 بچے اور ایک خواجہ سرا شامل تھا۔ یاتریوں کو 251 گاڑیوں کے قافلے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کی نگرانی میں روانہ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ بالتل جانے والا قافلے میں1,745 یاتری 74 گاڑیوں میں سوار تھے،وہ صبح 3 بجے روانہ ہوا، جبکہ پہلگام جانے والا قافلے میں 3,456 یاتری 177 گاڑیوں میں شامل تھے،وہ صبح ساڑھے 3 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔حکام کے مطابق یاترا کے آغاز سے اب تک جموں کے بیس کیمپ سے ایک لاکھ 4 ہزار 488 یاتری کشمیر روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ اب تک 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد عقیدت مند 3,880 میٹر بلند مقدس امرناتھ گپھا میں درشن کر چکے ہیں۔
اس موقع پر بھگوتی نگر یاتری نیواس بم بم بھولے، ’ہر ہر مہادیو‘ اور ’جے برفانی بابا کی‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ یاتریوں نے یاترا کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔قابل ذکر ہے کہ 57 روزہ سالانہ شری امرناتھ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر