
اے ایم یو کے مرکز برائے تعلیم بالغاں نے عالمی یوم آبادی پر پوسٹر سازی مقابلہ منعقد کیا
علی گڑھ، 16 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر آف کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (مرکز برائے تعلیم بالغاں) نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ایک پوسٹر سازی مقابلہ منعقد کیا، جس کا مقصد طلبہ کو آبادی سے متعلق مسائل پر اپنے خیالات کو تخلیقی انداز میں پیش کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
سنٹر کے 32 طلبہ نے مقابلے میں پُرجوش انداز میں شرکت کی۔ مقابلے میں پیش کیے گئے پوسٹروں کا جائزہ اے ایم یو کے شعبہ فائن آرٹس کی گیسٹ فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عطیہ پروین نے لیا۔ انہوں نے شرکاء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
پوسٹر سازی مقابلہ میں مدیحہ تنویر نے اول انعام اور طوبیٰ خان و شائزین نے بالترتیب دوم و سوم مقام حاصل کیا۔ تینوں فاتحین کمپیوٹر فنڈامینٹلس اینڈ ایم ایس آفس بیسکس کورس میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کے علاوہ زید (کمپیوٹر فنڈامینٹلز اینڈ ایم ایس آفس بیسکس) اور مسکان فاطمہ (فنکشنل انگلش) کو حوصلہ افزائی انعامات سے نوازا گیا۔
سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے فاتحین کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کی پرجوش شرکت کو سراہا۔ انہوں نے عصری سماجی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ایسی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کلمات تشکر بھی ادا کئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ