
اٹلانٹا، 15 جولائی (ہ س)۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل سے قبل انگلینڈ کے دفاعی کھلاڑی مارک گویہی نے کہا کہ موجودہ عالمی چیمپئن کی حیثیت سے ٹائٹل کے دفاع کا سارا دباو ارجنٹینا پر ہے، جب کہ ان کی ٹیم بغیر کسی دباو کے میدان میں اترے گی۔ اس دوران ، دفاعی کھلاڑی ایزری کونسا نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان روایتی مقابلہ کے حوالے سے بیرونی بات چیت کو نظر انداز کریں۔
انگلینڈ کی ٹیم منگل کو اٹلانٹا پہنچی۔ وہ بدھ کو مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں ارجنٹینا کا مقابلہ کرنے والے ہیں۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں اسپین کا مقابلہ کرے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مارک گویہی نے کہا، ہم پر کوئی دباو نہیں ہے۔ دباو ڈالنے کی کیا ضرورت ہے؟ دباو ارجنٹینا پر ہے۔ وہ عالمی چیمپئن ہیں اور اسے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے۔ ہم پر بالکل کوئی دباو نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی اس میچ کو لے کر پرجوش ہے۔ یہ ٹاپ کھلاڑیوں کے خلاف ایک بڑا کھیل ہے۔ ہم سب اس چیلنج سے لطف اندوز ہونے اور اپنی بہترین کارکردگی دینے کے لیے تیار ہیں۔
انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے مقابلہ سے پہلے، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مقابلہ آرائی کے بارے میں کافی باتیں ہو رہی ہیں۔ 1986 کے ورلڈ کپ میں ڈیاگو میراڈونا کا متنازعہ 'ہینڈ آف گاڈ' گول اور 1998 کے ورلڈ کپ میں ڈیوڈ بیکہم کا ریڈ کارڈ فٹ بال کی تاریخ کے مشہور لمحات ہیں۔ اس کے علاوہ ، دونوں ممالک کے درمیان 1982 کی فاک لینڈ جنگ سے پیداہونے والے سیاسی تناو بھی قابل ذکر ہے۔
تاہم، ایزری کونسا نے کہا، ہمیں صرف اپنے کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں تاریخ کو بھول کر میدان پر قدم رکھنا ہے۔ جذبات میں بہہ جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں صرف وہی کرنا ہے جو ہم بہترین طریقے سے کرسکتے ہیں۔
کونسا نے ہیڈ کوچ تھامس ٹوکھیل جانب سے ناروے کے خلاف کارکردگی کے حوالے سے کی گئی تنقید پر ٹیم کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا، ہماری ٹیم متحد ہے۔ ہمارے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس طرح کے ٹورنامنٹ میں ذہنی پختگی سب سے اہم ہوتی ہے۔ بیرونی تبصرے ہمیشہ ہوتے رہیں گے، لیکن ہم جانتے ہیں کہ انہیں کس طرح ڈیل کرنا ہے۔ ہم ایک طویل عرصے سے اس سطح پر کھیل رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ ان چیزوں کو کس طرح سنبھالنا ہے۔
دونوں ڈیفینڈر بدھ کے مقابلہ کے لیے ابتدائی الیون کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ ان کا سب سے بڑا چیلنج لیونل میسی ہوگا، جو اس ورلڈ کپ میں اب تک آٹھ گول کر چکے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں سب سے اوپر کیلین ایمباپے کے ساتھ برابر ہیں۔
تاہم، گویہی نے کہا، میسی ایک عظیم کھلاڑی ہیں، شاید دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک۔ ہم انہیں روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔ لیکن ارجنٹینا صرف میسی کی ٹیم نہیں ہے؛ ان کے پاس بہت سے دوسرے بہترین کھلاڑی بھی ہیں۔ اس لیے ہمیں اپنے کھیل پر پوری توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور اپنی حکمت عملی کو درست طریقے سے انجام دینا چاہیے۔
اگر انگلینڈ ارجنٹینا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ تاریخ میں1966 کے بعد اپنے دوسرے فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گا۔ فائنل میچ 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف ا سٹیڈیم میں ا سپین کے خلاف کھیلا جانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی