
فرید آباد، 15 جولائی (ہ س)۔ بلبھ گڑھ کے سٹی تھانہ علاقے میں بدھ کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ چاولہ کالونی ہائی وے پر سوہنا ٹی۔ پوائنٹ کے قریب بند دکان کی بارجہ اچانک گرگئی۔ حادثے کے وقت دکان بند تھی تاہم بارجہ کے نیچے کھڑے دو نوجوان ملبے تلے دب گئے۔ مقامی لوگوں نے انہیں فوری طور پر باہر نکالا اور اسپتال لے گئے جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اہیرواڈا کا رہنے والا راہل اس دکان پر پیپسی، چائے اور دیگر اشیائ فروخت کرتا تھا۔ دکان پچھلے تین دنوں سے بند تھی۔ بدھ کی صبح دو نوجوان دکان کے باہربارجہ کے نیچے کھڑے تھے کہ اچانک بارجہ گر گئی جس سے وہ ملبے تلے دب گئے۔ حادثے سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ راہگیروں نے فوری طور پر ملبہ ہٹا کر دونوں نوجوانوں کو باہر نکالا اور ایمبولینس کی مدد سے انہیں ہسپتال پہنچایا۔ تاہم دونوں افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ مرنے والوں کی شناخت امرجیت اور سنتوش کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں اصل میں بہار کے رہنے والے تھے اور جیون نگر، بلبھ گڑھ میں کرائے پر رہتے تھے اور کام کرتے تھے۔ سٹی پولیس اسٹیشن کے انچارج امیش کمار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مسلسل بارش اور دکان کی خستہ حالی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan