
تہران،14جولائی(ہ س)۔امریکہ نے مسلسل تیسری رات ایران کے بندرگاہ شہروں اور دیگر مقامات پر زبردست حملے کئے ہیں۔ امریکہ سینٹرل کمان(سینٹ کام) نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حکم پر فوج نے ایک ساتھ ایران کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا۔ امریکی حملے کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز سے گزررہے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے دوٹینکروں پر مزائل سے حملے کردیا۔اس حملے میں کرو ممبر ہندوستانی شہری کی موت ہوگئی۔وزارت نے کہا کہ ایرانی حملے میں آٹھ دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ان میں چھ ہندوستانی شہری اور دو یوکرین کے شہری شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا کہ اسے جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ دو آئل ٹینکر، مومباسا اور باہیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں اور عمان کی علاقائی سمندری حدود میں ایران کے دو کروز میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو ہندوستانی شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔زخمی ہونے والے چھ افراد کا تعلق ہندوستان اور دو کا یوکرین سے ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اسے ’کھلا حملہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے۔سینٹ کام نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل کو شام 4 بجے (مشرقی وقت) سے ایرانی بندرگاہوں سے آنے اور جانے والے جہازوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کرے گا۔ اس خبر کے بعد دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں نو فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان تازہ ترین فوجی تصادم نے علاقائی کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ سعودی عرب اور یمن کے ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان حملے دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔ اس سے ایسا لگتا ہے کہ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ اس نے حوثی بیلسٹک میزائل کو روکا، جبکہ حوثیوں نے کہا کہ سعودی فضائی حملوں نے صنعائ بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
دریں اثنا امریکی صدر ٹرمپ نے کنزرویٹو ریڈیو کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ’ہم آج رات ان پر زبردست حملہ کرنے جارہے ہیں اور کل بھی ان پر سخت حملے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے معاہدے کی پابندی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر آبنائے ہرمز پر امریکہ کا کنٹرول ہو جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازعہ میں امریکہ جن ممالک کی مدد کر رہا ہے انہیں اس کی قیمت ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے خطے میں اسرائیل، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد اتحادیوں کے نام لیے۔ منگل کی صبح (مقامی وقت) ایرانی میڈیا نے اطلاع دی کہ ایران کے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے ساتھ ساتھ جزائر کش، قسم اور ابو موسی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی فوج نے کہا کہ امریکہ نے ڈرون حملے کیے۔
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan