
جیڈن لیناکس نے لیا کیریئر کا پہلا فائیو وکٹ ہال
گیانا، 14 جولائی (ہ س)۔
اسپنر جیڈن لیناکس کے کیریئر کے پہلے 5 وکٹوں اور نیوزی لینڈ کے اسپن حملے کی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔پروویڈنس اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق پیر کے روز کھیلے گئے مقابلے میں لیناکس نے 19 رن دے کر 5 وکٹیں جھٹکیں، جبکہ مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا رہا۔ جان کیمبل (43) اور اکیم آگسٹے (18) نے پہلی وکٹ کے لیے 63 رن جوڑے۔ لیکن اس کے بعد نیوزی لینڈ کے اسپنروں نے میچ کا رخ پوری طرح بدل دیا۔ آگسٹے کے آوٹ ہونے کے بعد کیمبل بھی سینٹنر کا شکار بنے۔ اس کے بعد لیناکس نے کپتان شائی ہوپ اور شرفین ردرفورڈ کو لگا تار جھٹکے دے کر ویسٹ انڈیز کو مشکل میں ڈال دیا۔ کیسی کارٹی، گڈاکیش موتی، میتھیو فورڈ، عامر جنگو، وٹیل لاج اور دیگر بلے باز بھی اسپنروں کے سامنے ٹک نہ سکے۔ نیوزی لینڈ کے اسپنروں نے کل 9 وکٹیں اپنے نام کیں اور پوری ویسٹ انڈیز ٹیم 36 اوور میں 138 رن پر سمٹ گئی۔
139 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بھی شروعاتی جھٹکے لگے۔ ول ینگ (28) اچھی شروعات کے بعد آوٹ ہوئے، جبکہ مارک چیپمین رن آوٹ ہو گئے۔ ہینری نکولس بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل (28) اور ٹام لیتھم نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے اہم شراکت داری کی۔
حالانکہ مچل اور ڈین فاکس کرافٹ کی وکٹیں گرنے سے ایک وقت مقابلہ تھوڑا دلچسپ ہوا، لیکن ٹام لیتھم (ناٹ آوٹ 37) اور مائیکل بریسویل نے صبر و تحمل سے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 32.4 اوور میں 141/5 تک پہنچا کر جیت دلا دی۔اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-1 کی برابری کر لی ہے۔ اب سیریز کا فیصلہ تیسرے اور آخری مقابلے میں ہوگا۔
مختصر اسکور:
ویسٹ انڈیز: 138 آل آوٹ (36 اوور) - جان کیمبل 43، عامر جنگو 24، جیڈن لیناکس 5/19، مچل سینٹنر 2/21۔
نیوزی لینڈ: 141/5 (32.4 اوور) - ٹام لیتھم ناٹ آوٹ 37، ول ینگ 28، ڈیرل مچل 28، کھاری پیئر 2/33۔
نتیجہ: نیوزی لینڈ 5 وکٹوں سے فاتح، سیریز 1-1 سے برابر۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن