
نئی دہلی، 14 جولائی (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کودولت مشترکہ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے آفیشل میسکوٹ 'مور' کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 27 جولائی سے 2 اگست تک نئی دہلی کے تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس ایونٹ میں دولت مشترکہ کے 25 ممالک کے بہترین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
دہلی کے ہوٹل للت میں منعقد اس تقریب میں دہلی کے وزیر کھیل آشیش سود، دولت مشترکہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر وویک کوہلی، محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نتن جندل، ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کے عہدیدار، کھلاڑی اور کوچ موجود تھے۔
وزیر کھیل آشیش سود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں دہلی حکومت کھیلوں کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے آفیشل میسکوٹ 'مور' کی نقاب کشائی کا موقع ہے بلکہ یہ دہلی کے کھیلوں کے مستقبل کے لیے ایک نئے وژن کا افتتاح بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی نہ صرف ہندوستان کی راجدھانی بلکہ ملک کی 'اسپورٹس کیپٹل' اور مستقبل میں کھیلوں کے عالمی مرکز کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
سود نے کہا کہ چیمپئن شپ، 27 جولائی سے 2 اگست تک نئی دہلی کے معروف تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جس میں دولت مشترکہ کے 25 ممالک کے بہترین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس دوران دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین اور بین الاقوامی کھیلوں کی برادری دہلی کو دیکھ رہی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقابلہ دہلی کے لیے آخری مقصد نہیں ہے بلکہ ایک بڑے سفر کا آغاز ہے۔
وزیر کھیل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی حکومت مستقبل میںدولت مشترکہ گیمز، ایشین گیمز، ورلڈ چمپئن شپ اور دیگر بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے دارالحکومت کو تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرنا نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط اور عالمی معیار کے کھیلوں کا ایکو سسٹم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت ایک ایسا ماحول تیار کر رہی ہے جہاں کوئی بھی بچہ جو کھلاڑی بننے کا خواب دیکھتا ہے وہ عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، بین الاقوامی کوچنگ، کھیل سائنس اور اعلیٰ تربیتی سہولیات تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کھلاڑیوں کو ان کے خوابوں کی تعبیر کے لیے ہر ضروری تعاون حاصل ہو۔
آشیش سود نے کہا کہ دہلی حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے پانچ سنٹر آف ایکسیلنس تیار کر رہی ہے۔ ان میں تیراکی، ایتھلیٹکس، ریسلنگ اور ٹیبل ٹینس جیسے کھیل شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنٹرس آف ایکسیلنس نہ صرف تربیتی مراکز ہوں گے بلکہ دہلی کے مستقبل کے کھیلوں کے ہنر کو پروان چڑھانے کے لیے ایک مضبوط اسپورٹس پائپ لائن کے طور پر بھی کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج دہلی دولت مشترکہ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے اور مستقبل میں یہ سنٹر آف ایکسیلنس ایسے کھلاڑی تیار کریں گے جو دولت مشترکہ کھیلوں، ایشیائی کھیلوں، اولمپکس اور عالمی چیمپئن شپ جیسے باوقار پلیٹ فارمز پر ہندوستان کی نمائندگی کرکے ہندوستانی پرچم کو روشن کریں گے۔
سود نے کہا کہ عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرنا اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو تیار کرنا دہلی حکومت کی دوہری حکمت عملی کا حصہ ہے۔ حکومت کا مقصد صرف تمغے جیتنا نہیں ہے بلکہ ایسے چیمپئن بنانا ہے جو آنے والی نسلوں کو متاثر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپیئن شپ کا آفیشل میسکوٹ ”مور“ صرف ایک علامت نہیں ہے بلکہ اعتماد، عمدگی، عزم، اسپورٹس مین شپ اور ہندوستانی ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہندوستانی روایت میں مور کو فخر، توانائی اور خوبصورتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ میسکوٹ نہ صرف دنیا بھر سے دہلی آنے والے ایتھلیٹس کا خیر مقدم کرے گا بلکہ نوجوانوں کو یہ پیغام بھی دے گا کہ ہندوستانی اقدار اور عالمی روایات ایک ساتھ بڑھ سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی