ٹورنٹو کے سالسا فیسٹیول میں فائرنگ، دو ہلاک اور چھ زخمی
ٹورنٹو، 12 جولائی (ہ س)۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہفتہ کی شام منعقدہ ’سالسا آن سینٹ کلیئر‘ اسٹریٹ فیسٹیول کے دوران ہونے والی فائرنگ میں دو لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، واقعے کے بعد مشتبہ شخص فرار ہے اور اس کی تلاش
ٹورنٹو میں ’سالسا آن سینٹ کلیئر فیسٹیول‘ میں فائرنگ کے واقعے کے بعد موقع پر موجود پولیس


ٹورنٹو، 12 جولائی (ہ س)۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہفتہ کی شام منعقدہ ’سالسا آن سینٹ کلیئر‘ اسٹریٹ فیسٹیول کے دوران ہونے والی فائرنگ میں دو لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، واقعے کے بعد مشتبہ شخص فرار ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

روس کے بین الاقوامی میڈیا ’روس ٹوڈے‘ (آر ٹی) اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق، ٹورنٹو پولیس نے بتایا کہ رات تقریباً 8.12 بجے سینٹ کلیئر ایونیو ویسٹ اور ارلنگٹن ایونیو کے پاس فائرنگ کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے دو لوگوں کو مردہ پایا، جبکہ چھ زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ زخمیوں میں پانچ لوگوں کو گولی لگی ہے، جبکہ ایک اور شخص دیگر چوٹوں کے باعث زخمی ہوا۔

واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیر لیا گیا اور بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ حکام نے لوگوں سے جائے حادثہ سے دور رہنے اور ہنگامی خدمات کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔

وہیں، پریس کانفرنس میں ٹورنٹو پولیس کے نائب سربراہ فرینک بیریڈو نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر اسے ایکٹیو شوٹر کا واقعہ مانا گیا تھا، لیکن جانچ میں سامنے آیا کہ یہ اندھا دھند فائرنگ نہیں تھی۔ ان کے مطابق، کچھ لوگوں کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

بیریڈو نے کہا کہ معاملے کی جانچ پیچیدہ ہے کیونکہ واقعے سے منسلک تین مختلف مقامات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، لیکن ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے تین گولیوں کی آواز سنی، جس کے بعد لوگ چیختے ہوئے بھاگنے لگے۔ دوسرے عینی شاہد نے کہا کہ وہ فیسٹیول کے سالسا اسٹیج پر موجود تھیں۔ اچانک لوگوں کا ہجوم اسٹیج کی طرف بھاگنے لگا اور کچھ ہی دیر میں پولیس پہنچ گئی۔ انہوں نے پیرا میڈیکس کو ایک زخمی شخص کو سی پی آر دیتے ہوئے بھی دیکھا۔ تیسرے عینی شاہد نے بتایا کہ پہلے انہیں آتش بازی جیسی آواز سنائی دی، لیکن جلد ہی لوگوں کو بھاگتے دیکھ کر انہیں صورت حال کی سنگینی کا احساس ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری بار گولیوں کی آواز سننے کے بعد وہ اپنی جان بچانے کے لیے ایک کار کے نیچے چھپ گئیں۔

فائرنگ کے بعد ’سالسا آن سینٹ کلیئر‘ فیسٹیول کو روک دیا گیا۔ یہ دو روزہ ثقافتی تہوار موسیقی، رقص، کھانے اور فن کے ذریعے لاطینی ثقافت کا جشن منانے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں ہر سال بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوتے ہیں۔

پولیس نے کہا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے اور مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات ہو تو پولیس سے رابطہ کریں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande