
ویشالی، 12 جولائی (ہ س)۔ بہار کے ویشالی ضلع کے بیدو پور تھانہ علاقے کے تحت راجسو گاؤں میں اتوار کی راستے کے تنازعہ میں چھٹی پر آئے ایک فوجی جوان اور اس کے والد کی گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس دوہرے قتل سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت جتیندر کمار کے نام سے ہوئی ہے جو دہلی میں بھارتی فوج میں تعینات تھا۔ اطلاعات کے مطابق وہ چند روز قبل اپنے ایک رشتہ دار کی بجلی کا کرنٹ لگنے سے موت کے بعد چھٹی پر اپنے گاؤں واپس آیا تھا۔ اس دوران اس کا اپنے چچا زاد بھائی جگدیش رائے کے ساتھ گاؤں میں متنازعہ زمین سے گزرنے والی سڑک کو لے کر جھگڑا ہوا۔مقامی لوگوں کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان ہفتہ کی دیرشام جھگڑا ہوا۔ اطلاع ملتے ہی بیدو پور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور دونوں فریقین کو سمجھا کر معاملہ حل کیا۔ اتوار کی صبح ملزم گروپ نے مبینہ طور پر دوبارہ حملہ کیا۔ الزام ہے کہ جگدیش رائے نے سب سے پہلے جتیندر کمار اور ان کے والد منارک رائے پر گولی چلائی۔ منارک رائے کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ شدید زخمی جتیندر کمار کو علاج کے لیے صدر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بیدو پور تھانہ اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے اور دونوں لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیں۔ اس دوہرے قتل کے بعد پورے گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ پولیس کو احتیاطی تدابیر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔صدر کے ایس ڈی پی او سبودھ کمار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاکہ معاملہ سڑک کے تنازع سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلیدی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھا پہ ماری کی جارہی ہے۔ واقعے کے بعد ملزم اور اس کے اہل خانہ اپنے گھروں سے فرار ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan