
دہرادون، یکم جولائی (ہ س)۔
اتراکھنڈ کے بیشتر حصوں میں جنوب مغربی مانسون فعال ہو گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں بدھ کو دارالحکومت دہرادون سمیت کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے یکم اور 2 جولائی کو دہرادون اور باگیشور سمیت کئی اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا ہے، جس سے انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
بدھ کی صبح سے ہی آسمان پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور راجدھانی دہرادون سمیت ریاست بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صبح 10 بجے کے قریب شہر کے بیشتر علاقوں بشمول سنتلا دیوی، راج پور روڈ، گھنٹاگھر اور آئی ایس بی ٹی میں ہلکی سے تیز بارش شروع ہوئی۔ مسلسل بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی، نمی سے راحت ملی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کے اگلے دو سے تین دنوں میں ریاست کے بقیہ حصوں میں آگے بڑھنے کے لیے حالات سازگار ہیں۔ یکم جولائی کو دہرادون اور باگیشور میں اور 2 جولائی کو دہرادون، ٹہری، پوڑی، نینی تال اور باگیشور میں بھاری سے بہت زیادہ بارش متوقع ہے۔ دیگر اضلاع بشمول ہریدوار، چمپاوت، ادھم سنگھ نگر، پتھورا گڑھ، اترکاشی، رودرپریاگ اور چمولی میں بھی 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز بارش، گرج چمک، بجلی چمکنے اور تیز ہوا چلنے کی توقع ہے۔
اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) نے تمام ضلع مجسٹریٹس کو حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے، راحت اور بچاو¿ ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھنے اور کسی بھی آفت کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور بحالی کے سکریٹری ونود کمار سمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ