
بھوپال، یکم جولائی (ہ س)۔
نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے زیرِ اہتمام چلائی جانے والی ’’اسٹوڈنٹس کی گونج‘‘ مہم کے تحت آج بدھ کے روز بھوپال میں واقع ٹی آئی ٹی کالج میں طلبہ کے درمیان وسیع پیمانے پر رابطہ عامہ اور پمفلٹ کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں طلبہ کو ملک کے موجودہ تعلیمی نظام، امتحان نظام میں مسلسل سامنے آنے والی بے ضابطگیوں اور مہم کے مقاصد سے آگاہ کیا گیا۔ اس دوران بڑی تعداد میں طلبہ نے مہم کی حمایت کرتے ہوئے مسڈ کال کے ذریعے اپنی رضامندی درج کرائی۔
پروگرام میں کانگریس رہنما سچن دویدی بنیادی طور پر موجود رہے۔ پروگرام کا انعقاد این ایس یو آئی کے صوبائی نائب صدر روی پرمار اور ضلع صدر اکشے تومر نے کیا۔ اس موقع پر سچن دویدی نے کہا، ’’ملک کا نوجوان آج تعلیمی نظام میں شفافیت اور جوابدہی چاہتا ہے۔ ’اسٹوڈنٹس کی گونج‘ صرف ایک مہم نہیں، بلکہ طلبہ کی آواز کو جمہوری طریقے سے حکومت تک پہنچانے کا ایک ذریعہ ہے۔‘‘ صوبائی نائب صدر روی پرمار نے کہا، ’’ہم کالجوں میں پہنچ کر طلبہ سے براہِ راست گفتگو کر رہے ہیں۔ یہ مہم طلبہ کے مسائل کو سننے، انہیں منظم کرنے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کے مطالبے کو مضبوط کرنے کی ایک کوشش ہے۔ طلبہ کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔‘‘
ضلع صدر اکشے تومر نے کہا، ’’ٹی آئی ٹی کالج کے طلبہ نے جس جوش و خروش کے ساتھ مہم کی حمایت کی اور بڑی تعداد میں مسڈ کال کر کے اپنی شراکت داری درج کرائی، وہ طلبہ کے اعتمادکی علامت ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ مہم بھوپال کے ہر کالج تک پہنچے گی اور طلبہ کی آواز کو مزید بلند کرے گی۔‘‘ پروگرام کے دوران ضلع جنرل سکریٹری امت ہاٹیا، کالج صدر ہرش پٹیل، کارگزاری صدر شیکھر راجپوت سمیت این ایس یو آئی کے متعدد عہدیداران اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن