
ست شرما نے مرکزی وزیر صحت سے ملاقات کی
جموں، یکم جولائی (ہ س)۔ بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر اور رکن راجیہ سبھا ست شرما نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا سے ملاقات کی، جس میں جموں و کشمیر میں صحت کی سہولیات، طبی ڈھانچے اور ایمس منصوبوں سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ست شرما نے ملاقات کے دوران کہا کہ مرکز کی جانب سے جموں و کشمیر میں صحت کے شعبے کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں نئے میڈیکل کالجوں کے قیام، جدید طبی اداروں کی تعمیر اور علاج معالجے کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے ایمس جموں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ادارے میں مزید جدید سہولیات، ماہر ڈاکٹروں، خصوصی شعبوں اور طبی عملے میں اضافہ کیا جائے تاکہ اسے ایک اعلیٰ طبی اور تحقیقی مرکز کے طور پر مزید فروغ دیا جا سکے۔ بی جے پی رہنما نے ایمس کشمیر کی تعمیراتی سرگرمیوں میں بھی تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وادی کے عوام اس منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں اور اس کے فعال ہونے سے مقامی سطح پر معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ست شرما کی جانب سے اٹھائے گئے تمام نکات کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور ایمس کشمیر سمیت تمام متعلقہ منصوبوں پر بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر