
ریلوے ڈویژن جموں کی یاتریوں کی سیکورٹی و دیگر انتظامات پر خصوصی توجہ
جموں، یکم جولائی (ہ س)۔
سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ یاتریوں کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق یاتریوں کی حفاظت، ہجوم پر مؤثر کنٹرول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 57 روزہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے باضابطہ طور پر شروع ہوگی، جو ضلع اننت ناگ کے روایتی 48 کلومیٹر ننون-پہلگام راستے اور ضلع گاندربل کے 14 کلومیٹر طویل بالتل راستے سے جاری رہے گی۔ یاتریوں کا پہلا قافلہ 2 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے روانہ ہوگا۔
جموں ریلوے کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل نے کہا کہ امرناتھ یاترا جموں وکشمیرکے لیے مذہبی اور انتظامی لحاظ سے نہایت اہم ہے، جس کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے نے تین اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جن میں سیکورٹی، یاتریوں کی رہنمائی اور بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ریلوے پروٹیکشن فورس ، گورنمنٹ ریلوے پولیس اور ٹکٹ چیکنگ عملہ باہمی تعاون سے اسٹیشن پر سکیورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر اسکاؤٹس اور گائیڈز بھی تعینات کیے گئے ہیں جو یاتریوں کی رہنمائی کر رہے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب اسٹیشن پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرینوں کی تاخیر، شیڈول میں تبدیلی یا دیگر معلومات عوامی اعلانات اور ایس ایم ایس کے ذریعے بروقت فراہم کی جائیں گی، جبکہ پینے کے صاف پانی اور کھانے پینے کی مناسب سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر