
حیدرآباد، یکم جولائی (ہ س)۔ جنوبی وسطی ریلوے(ایس سی آر) کے سکندرآباد ڈویژن کی ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے آپریشن امانت کے تحت جنوری سے جون 2026 کے دوران مسافروں کا2 کروڑ24 لاکھ روپے مالیت کا گمشدہ سامان برآمد کرکے انہیں واپس کردیا۔ آج جاری کردہ ایس سی آرکے بیان کے مطابق، آرپی ایف نے اس چھ ماہ کے عرصے میں 658 مقدمات کامیابی سے نمٹائے،جن میں سامان، الیکٹرانک آلات، زیورات، نقدرقم اوراہم دستاویزات برآمد کی گئیں۔ جنوری 2024 سے اب تک سکندرآباد ڈویژن مجموعی طور پر2,747 مقدمات حل کرچکا ہے. جن کے ذریعے 7 کروڑ28 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی قیمتی اشیا ان کے اصل مالکان کو واپس کی جا چکی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن کی کامیابی میں 700 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی، ریزرویشن اور سفری ریکارڈ کی مدد سے مالکان کا فوری سراغ لگانا اور برآمد شدہ سامان حوالے کرنے سے پہلے شفاف تصدیقی عمل اہم کردارادا کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق