
حیدرآباد، یکم جولائی (ہ س)۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے ایک اہم طبی سنگِ میل عبورکرتے ہوئے ایک ہی مریض پرایک ہی آپریشن کے دوران ہندوستان کا پہلا پانچ اعضا پر مشتمل ملٹی وِسیریل ٹرانسپلانٹ کامیابی سے انجام دیا۔ اس نایاب اور نہایت پیچیدہ سرجری میں 30 سالہ ایک انجینئر، جوسرسلہ کارہائشی ہے، کے جسم میں بیک وقت معدہ، ڈیوڈینم، لبلبہ، چھوٹی آنت اوربڑی آنت کے دائیں حصے کی پیوندکاری کی گئی۔ یہ آپریشن مسلسل 36 گھنٹے جاری رہا اور ہاسپٹل کے مختلف شعبوں پرمشتمل طبی ٹیم نے اسے کامیابی سے مکمل کیا۔
ریاستی وزیرصحت دامودر راج نرسمہا نے اس تاریخی کامیابی پرعثمانیہ ہاسپٹل کی طبی ٹیم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب سرجری نے تلنگانہ کے سرکاری نظامِ صحت کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ وزیرنے اس پیچیدہ آپریشن کو کامیابی سے انجام دینے پر ڈاکٹروں، اینستھیزیا کے ماہرین، نرسنگ عملے، کریٹیکل کیئر اسپیشلسٹس اور دیگر معاون عملے کی لگن، مہارت اورٹیم ورک کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ تلنگانہ کے سرکاری اسپتال جدید ترین اور عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوامی شعبے کے نظامِ صحت کو مزید مضبوط بنانے اور جدید طبی خدمات تک عوام کی رسائی کو وسعت دینے کے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق