


راجستھان کے دوسا میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ٹرک سے بس ٹکرائی، 7 افراد ہلاک
دوسا، یکم جولائی (ہ س)۔ راجستھان کے دوسا ضلع میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ایک سلیپر بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ 22 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو دوسا ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دوسا ضلع کے کولوا تھانہ علاقے میں آج علی الصبح تقریباً 3 بجے یہ حادثہ ہوا۔ پولیس کے مطابق رشی کیش سے اندور جا رہی سلیپر بس تناوڑ میں واقع زیرو پوائنٹ کے پاس آگے چل رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد بس اور ٹرک میں آگ لگ گئی۔
دوسا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پیوش دیکشت کے مطابق، حادثے میں 5 لوگوں کی موت آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئی، جبکہ 2 دیگر نے سر میں شدید چوٹ لگنے کے باعث جان گنوائی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 9 زخمیوں کی شناخت کی جا چکی ہے اور دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثے اور آگ لگنے کی اطلاع تقریباً 3.20 بجے پولیس اور ایکسپریس وے انتظامیہ کو دی گئی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے موقع پر پہنچیں، جس کی وجہ سے امدادی اور بچاو کا کام متاثر ہوا۔ بتایا گیا کہ حادثے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا جا سکا۔
سومیر کلا کے رہائشی مہیندر ناگر نے کہا کہ حادثے کے وقت موقع پر نہ تو ایمبولینس اور نہ ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینس کو اطلاع انہوں نے خود دی تھی۔ ان کے مطابق اگر فائر بریگیڈ وقت پر پہنچ جاتی تو آگ پر جلد قابو پایا جا سکتا تھا۔ ناگر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بس کا اسٹوریج باکس سگریٹ کے پیکٹوں سے بھرا ہوا تھا۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی اور بچاو کا کام کیا۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن