
نئی دہلی، 7 جون (ہ س)۔
حکومت نے ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کے لیے سہولیات کو بڑھانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈ ویہ نے وہاں اولمپک کے معیاری مصنوعی ایتھلیٹک ٹریک کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر زمینی کام آئندہ دو سے تین ماہ میں شروع ہونے کی امید ہے۔
یہ فیصلہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے ایک وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد آیا ہے۔ ہفتہ کی دیر شام، اے بی وی پی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر وریندر سنگھ سولنکی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر کھیل سے ملاقات کی اور ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع میمورنڈم پیش کیا۔
اے بی وی پی نے 2036 میں ہندوستان کی ممکنہ اولمپک میزبانی کی تیاریوں سے لے کر دیہی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے تک کئی تجاویز پیش کیں، جن کا وزیر کھیل نے مثبت جواب دیا۔
ان میں اولمپک تیاریوں کے لیے اب ایک مضبوط قومی ڈھانچہ تیار کرنا، ہر ریاست میں کھیلوں کی یونیورسٹیوں کا قیام اور ہر ضلع میں اسپورٹس ایکسیلنس سینٹرز اور ملٹی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، ملک کے دور دراز اور قبائلی علاقوں سے کھیلوں کی صلاحیتوں کو دریافت کرنے کے لیے خصوصی مہم، کھلاڑیوں کے لیے صحت اور حادثاتی بیمہ کو یقینی بنانا، ایک ' ڈیجیٹل ایتھلیٹ پورٹل 'کی تعمیر اور مائی بھارت والینٹیئر کے اعزازیہ میں اضافہ کرنا شامل ہے۔
مرکزی وزیر کھیل نے خاص طور پر دیہی علاقوں کے لیے اے بی وی پی کے تجویز کردہ کھیلوں کے سازوسامان بینک کے خیال کی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اس پلان پر جلد مثبت اقدام کرے گی تاکہ وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ٹیلنٹ پیچھے نہ رہ جائے۔ ڈاکٹر وریندر سنگھ سولنکی، نیشنل جنرل سکریٹری ( اے بی وی پی) نے کہا کہ ہندوستان کی نوجوان طاقت ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ اگر وہ جدید کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ اور سائنسی تربیت حاصل کریں تو ہندوستان کو عالمی کھیلوں کی سپر پاور بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کھیل صرف تمغے جیتنے کے لیے نہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے بھی ہیں۔
مرکزی وزیر منسکھمانڈ ویہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت میمورنڈم میں اٹھائے گئے بیشتر مسائل پر پہلے ہی کام کر رہی ہے اور باقی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور جلد ہی ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ