
جھانسی، 7 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے جھانسی میں تھانہ سیپری بازار پولیس نے گزشتہ روز پیش آئے سنگین قتل کے معاملے میں مطلوب دو ملزموں کو 24 گھنٹے کے اندر پولیس تصادم کے بعد گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تصادم کے دوران ایک ملزم کے پیر میں گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا۔ اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ ایک اور نامزد ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ایس پی سٹی پریتی سنگھ نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ 6 جون کو شکایت کنندہ سمن کشواہا نے اپنے شوہر گوری شنکر کشواہا اور چچا مراری لال پر جان لیوا حملے کی تحریر تھانہ سیپری بازار میں دی تھی۔ الزام تھا کہ ملزموں نے جھگڑے کے دوران دونوں پر حملہ کر کے انہیں شدید طور پر زخمی کر دیا اور مرنے جیسی حالت میں چھوڑ کر دھمکی دی۔ علاج کے دوران گوری شنکر کشواہا کی موت ہونے پر مقدمے میں قتل کی دفعہ 103(1) بی این ایس شامل کی گئی۔ پولیس نے ہوٹل مالک سمیت ایک اور ملزم کو گزشتہ روز ہی گرفتار کر لیا تھا اور تفتیش کے دوران دیگر نامزد ملزموں کی تلاش جاری تھی۔ 7 جون کی رات تقریباً 23.55 بجے پولیس ٹیم کو اطلاع ملی کہ دو دیگر ملزم سمرودھا گاوں کے سامنے ویٹنگ روم کے پاس کچے راستے پر موجود ہیں۔ گھیرا بندی کے دوران پولیس اور ملزموں کے درمیان تصادم ہوا، جس میں ایک ملزم کے بائیں پیر میں گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، جبکہ دوسرے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزموں کی شناخت چنگارا (23) اور رگھو عرف سوربھ (18) ساکنان مورینا مدھیہ پردیش، حال پتہ پال کالونی، سیپری بازار جھانسی کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے ایک چاقو، دو غیر قانونی طمنچے 315 بور، دو زندہ کارتوس اور دو کھوکھے برآمد ہوئے ہیں۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ پولیس نے تصادم کے سلسلے میں علیحدہ مقدمہ درج کر کے آگے کی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور دونوں ملزموں کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن