
نئی دہلی، 5 جون (ہ س)۔
تمل ناڈو کے رہنما اور سابق آئی پی ایس افسر کے اناملائی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے مکمل طور پر تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔ پارٹی کے قومی صدر نتن نوین نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آج جاری ایک پریس ریلیز میں یہ اعلان کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق صدر نتن نوین نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے کے اناملائی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ اناملائی آج سہ پہر کوئی بڑا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کل ایکس پلیٹ فارم پر کہا تھا کہ وہ جمعہ کو دوپہر 12 بجے اپنے دل کی بات کریں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ اناملائی کوئی دوسرا راستہ چن سکتے ہیں اور اپنی پارٹی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وہ کچھ عرصے سے بی جے پی سے ناخوش ہیں۔ اے آئی اے ڈی ایم کے کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے انتظامات سے ناخوش، ریاستی بی جے پی صدر اناملائی پیر کو دہلی پہنچے۔ منگل کو انہوں نے صدر نتن نوین اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے نتن نوین کو پانچ صفحات کا استعفیٰ پیش کیا۔ بدھ کو وہ مذاکرات کے منتظر رہے۔ پارٹی کی طرف سے انہیں کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ