
لاطینی امریکہ اور 15 کیریبین ممالک کے سفارتی نمائندے ہوں گے شامل، وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کریں گے افتتاح
بھوپال، 4 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری، برآمدات اور بین الاقوامی تجارتی شراکت داریوں کو نئی رفتار دینے کے مقصد سے آئندہ 6 جون کو اندور میں ہندوستان-لاطینی امریکہ اور کیریبین (ایل اے سی) تجارتی-سرمایہ کاری فورم 2026 کی میٹنگ ہوگی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اس میٹنگ کا افتتاح کریں گے۔ رابطہ عامہ آفیسر ببیتا مشرا نے جمعرات کو بتایا کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں مدھیہ پردیش لگاتار عالمی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور بین الاقوامی تجارتی برادری کے لیے پرکشش سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ریاستی حکومت کے تعاون سے گلوبل انڈیا بزنس فورم (جی آئی بی ایف) کی جانب سے اندور کے ہوٹل ریڈیسن بلو میں اس اہم فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فورم میں لاطینی امریکہ اور کیریبین خطے کے 15 ممالک کے سینئر سفارتی نمائندے شامل ہوں گے۔ ان میں مختلف ممالک کے سفیر، ایک ہائی کمشنر اور ایک قونصل جنرل شامل ہوں گے۔ ان کے ساتھ سرمایہ کار، برآمد کنندگان، صنعت کاروں کے نمائندے، ٹریڈ کمشنر، ایم ایس ایم ای سیکٹر سے مربوط نمائندے اور سینئر سرکاری افسران سمیت 350 سے زیادہ نمائندے شرکت کریں گے۔ چار اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی اس میں حصہ لیں گے۔
رابطہ عامہ آفیسر کے مطابق، وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی شراکت داری کو لے کر کی جانے والی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں مدھیہ پردیش بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے درمیان اپنی مضبوط پہچان بنا رہا ہے۔ ریاستی حکومت صنعتوں کے لیے سازگار پالیسیوں، بہتر بنیادی ڈھانچے، تیز رفتار فیصلہ سازی کے عمل اور سرمایہ کار دوست ماحول کے ذریعے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اسی سمت میں یہ فورم ہندوستان اور لاطینی امریکہ اور کیریبین خطے کے ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مضبوط کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کی برآمداتی کارکردگی بھی لگاتار مضبوط ہوئی ہے۔ سال 26-2025 میں ریاست سے لاطینی امریکہ اور کیریبین خطے کو تقریباً 4,186 کروڑ روپے کی برآمدات درج کی گئیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 12.6 فیصد زیادہ ہیں۔ اس برآمدات میں فارما سیکٹر کا اہم تعاون رہا ہے۔ برازیل، میکسیکو اور چلی، ریاست کی اہم برآمداتی منڈیوں میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو مدھیہ پردیش کی صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے امکانات اور عالمی شراکت داریوں کے سلسلے میں فورم سے خطاب کریں گے۔ پروگرام میں ہندوستان ایل اے سی خصوصی ایڈیشن کا اجراء بھی کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش کی سرمایہ کاری کی صلاحیتوں اور صنعتی مواقع پر خصوصی پریزنٹیشن دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ہی مختلف ممالک کے وفود کی جانب سے سرمایہ کاری کی پریزنٹیشنز دی جائیں گی۔ نیز تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع، مینوفیکچرنگ سیکٹر میں تعاون اور سروس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر مرکوز پینل ڈسکشنز ہوں گے۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر سے متعلق گفتگو میں ادویات، آٹوموبائل، ٹیکسٹائل اور فوڈ پروسیسنگ سیکٹر شامل رہیں گے، جبکہ سروس سیکٹر کی گفتگو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، فن ٹیک اور تعلیمی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر غور و خوض کیا جائے گا۔ فورم میں صنعتوں اور سرمایہ کاروں کے درمیان براہِ راست بات چیت کو فروغ دینے کے لیے بی 2 بی اور بی 2 جی میٹنگوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن