

بہار کے مظفر پور میں اسپتال میں آتشزدگی، چار ہلاک، 20 سے زیادہ شدید زخمیمظفر پور، 4 جون (ہ س)۔ بہار میں مظفر پور شہر کے برہم پورہ تھانہ علاقے کے تحت واقع پرساد اسپتال کے آئی سی یو میں جمعرات کی صبح 3 بجے آگ لگنے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی اور 20 سے زیادہ لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کانتیش مشرا نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی اسپتال کے مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف وہراس پھیل گیا۔ راحت اور بچاو ٹیموں نے آئی سی یو سے مریضوں کو نکالنے کے لیے مستعدی سے کام کیا۔ دھواں تیزی سے پورے اسپتال میں پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تقریباً ایک درجن گاڑیاں پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ نے فوری طور پر ریسکو آپریشن شروع کیا اور مختلف وارڈ میں پھنسے مریضوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی کوشش کی۔ کئی مریضوں کو کھڑکیاں اور دروازے توڑ کر بچا لیا گیا۔ اس کے بعد انہیں قریبی محفوظ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح 3 بجے کے قریب ملی جب ٹیم اسپتال پہنچی تو آئی سی یو وارڈ دھویں سے بھرا ہوا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران کئی مریضوں کو تشویشناک حالت میں نکالا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 20 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا۔ ان میں کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ انتظامیہ نےاسپتال احاطے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ فائر حکام نے یہ بھی اشارہ کیا ہے کہ جب ان کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو اسپتال کا زیادہ تر عملہ موجود نہیں تھا۔ اسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری اور حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan