مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں آئندہ پانچ دن موسلادھار بارش کی پیش گوئی
ممبئی، 30 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر میں مانسون کی تاخیر سے آمد کے بعد اب بارش نے زور پکڑنا شروع کر دیا ہے۔ جون کے آخری دنوں میں ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ دنوں کے دوران کئی علاقوں میں
Weather Maha Rain


ممبئی، 30 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر میں مانسون کی تاخیر سے آمد کے بعد اب بارش نے زور پکڑنا شروع کر دیا ہے۔ جون کے آخری دنوں میں ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ دنوں کے دوران کئی علاقوں میں موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کونکن، ودربھ اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ مراٹھواڑہ کے بعض اضلاع میں بھی اچھی بارش متوقع ہے۔ ممبئی میں آئندہ چار دن تک مسلسل تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 3 اور 4 جولائی کے لیے کونکن اور وسطی مہاراشٹر میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ ودربھ اور مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ممبئی کے لیے بھی بدھ کے روز اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رائے گڑھ ضلع میں آئندہ پانچ دن کے لیے اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جنوبی رائے گڑھ میں بارش کی شدت بڑھنے سے کسانوں کو راحت ملی ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دھان کی کاشت کے کام میں تیزی آنے کی امید ہے۔ ضلع کی کئی ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے پانی کی قلت کے خدشات بھی کسی حد تک کم ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مہاراشٹر کے ساحلی علاقے سے متصل مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں گردابی نظام برقرار ہے، جبکہ مدھیہ پردیش سے سوراشٹر اور شمالی مراٹھواڑہ ہوتے ہوئے بحیرہ عرب تک کم دباؤ کی پٹی فعال ہے، جس کے باعث ریاست میں بارش کے لیے سازگار حالات پیدا ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کونکن کے مہسلا میں 240 ملی میٹر، داپولی میں 193 ملی میٹر، منڈان گڑھ میں 180 ملی میٹر، کھیڈ میں 172 ملی میٹر اور پنویل میں 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گھاٹ علاقوں میں لوناؤلہ میں 160 ملی میٹر، ڈونگروادی میں 158 ملی میٹر اور تامہنی میں 125 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے متعدد علاقوں میں بھی اطمینان بخش بارش درج کی گئی۔

ماہر موسمیات پنجاب راؤ ڈکھ نے 3 سے 7 جولائی کے درمیان ریاست کے مختلف حصوں میں انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان کے مطابق ممبئی، پونے، ناسک، اکولہ احمد نگر، ناندیڑ، نندوربار، دھولیہ، جلگاؤں اور اورنگ آباد اضلاع میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ جون کے دوران ریاست میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی، خاص طور پر ودربھ میں تقریباً 50 فیصد بارش کی کمی رہی، جس کی جلد تلافی ہونے کے امکانات کم ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande