
جشن میں کی گئی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے نوجوان کی موت
پریاگ راج، 30 جون (ہ س)۔ اترپردیش کے پریاگ راج ضلع میں واقع کرچھنا تھانہ علاقے کے بھنڈا پولیس چوکی کے تحت نندیا گاوں میں پیر کی دیر رات ایک مبارکبادی تقریب کے دوران خوشی میں فائرنگ جان لیوا ثابت ہوئی۔ ریوالور سے کی گئی فائرنگ میں گولی لگنے سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پہنچی پولیس ٹیم نے لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق، کرچھنا تھانہ علاقے کی بھنڈا پولیس کے تحت نندیا گاوں میں پیر کی رات بچے کی پیدائش کی خوشی میں ایک مبارکبادی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اسی دوران کسی شخص نے ریوالور سے خوشی میں فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران اچانک گولی لگنے سے سرویش یادو عرف گولو (24) ولد راجیندر پرساد یادو زخمی ہو گیا۔ زخمی سرویش کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرچھنا پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے معاملے کی جانچ میں مصروف ہے نیز فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) یمنا نگر وویک چندر یادو نے بتایا کہ کرچھنا علاقے میں خوشی میں فائرنگ کے دوران نوجوان کی موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جانچ شروع کر دی ہے۔ واقعے کے سلسلے میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے قصوروار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن