
متھرا، 30 جون (ہ س) لکھنو سے دہلی جانے والی ایک تیز رفتار وولوو بس آج صبح تقریباً:30 3 بجے اتر پردیش کے متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک بجری سے بھرے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ چار مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ 20 کے قریب زخمی ہو گئے۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ ٹریلر میں گھس گیا اور مکمل طور پر کچل گیا۔
یہ حادثہ رایا کٹ سے تقریباً دو کلومیٹر پہلے ایکسپریس وے کے سنگ میل 112 اور 113 کے درمیان پیش آیا۔ حادثے سے جائے وقوعہ پر شدید افراتفری پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر سروس، ایس ڈی آر ایف اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ مقامی لوگوں کی مدد سے بس میںپھنسے مسافروں کو نکالا گیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سریش چندر راوت نے بتایا کہ بجری سے لدا ٹریلر اپنی لین میں جا رہا تھا کہ گولا بس سروس سے تعلق رکھنے والی ایک وولوو بس، کنٹرول کھو بیٹھی اور پیچھے سے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ کنٹرول روم کو صبح:35 3 پر حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد 8 پی آر بی اور 12 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ زخمیوں کو فوری اسپتال پہنچانے کے لیے گرین کوریڈور بھی بنایا گیا ۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی