
نئی دہلی، 30 جون (ہ س)۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہول دیوس کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے سِدو-کانہو، چاند-بھیرَو اور پھولو-جھانو سمیت تمام قبائلی سورماؤں اور بہادر خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہول دیوس مادرِ وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے قبائلی سماج کے غیر معمولی جذبے کی مضبوط علامت ہے۔
وزیرِ اعظم نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ ہول دیوس مادرِ وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے ہمارے قبائلی سماج کے غیر معمولی جذبے کی ایک طاقتور علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی تاریخ کے اس قابلِ فخر موقع پر وہ سِدو-کانہو، چاند-بھیرَو اور پھولو-جھانو جیسے تمام ان تمام سورماؤں اور بہادر خواتین کو پُرخلوص خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے غیر ملکی حکمرانی کے ظلم و ناانصافی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ قبائلی وقار اور عزت و احترام کے تحفظ کے لیے ان بہادروں کی جدوجہد اور قربانی کی داستان ملک کے عوام میں نئی توانائی اور جذبہ پیدا کرتی رہے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہول دیوس ہر سال 30 جون کو 1855 کے سنتھال ہول (انقلاب) کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ جھارکھنڈ کے بھوگناڈیہ (موجودہ صاحب گنج ضلع) سے سِدو مرمو اور کانہو مرمو کی قیادت میں شروع ہونے والی اس تاریخی عوامی بغاوت میں چاند مرمو، بھیرَو مرمو اور بہادر خواتین پھولو اور جھانو نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ تحریک برطانوی حکومت، زمینداری نظام اور سرمایہ داروں کی جانب سے کئے جا رہے استحصال کے خلاف قبائلی برادری کی سب سے بڑی منظم تحریکوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد