
کولکاتا، 30 جون (ہ س)۔ ترنمول کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں پر مبینہ طور پر انڈے پھینکے جانے کے واقعات کے خلاف دائر مفادِ عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے تفصیلی حلف نامہ داخل کر کے مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ تاہم عدالت نے عبوری حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
کارگزار چیف جسٹس تپوبرت چکرورتی اور جسٹس پارتھ سارتھی چٹرجی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے معاملے کی سماعت کے دوران ریاستی حکومت سے پوچھا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ عدالت نے تبصرہ کیا کہ صرف ایک یا دو افراد کی گرفتاری سے مسئلے کا حل نہیں نکلے گا، بلکہ سماج میں بیداری پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس پارتھ سارتھی چٹرجی نے کہا کہ تمام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ریاست کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل راج دیپ مجمدار نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ کوئی بھی شخص قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی باضابطہ شکایت موصول نہ ہو تو انتظامیہ کے لیے کارروائی کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ترنمول کانگریس کی جانب سے سینئر وکیل کلیان بنرجی نے الزام لگایا کہ انڈے پھینکے جانے جیسے واقعات میں پولیس کا بھی کردار ہے۔ انہوں نے عدالت سے فوری عبوری حکم جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈے جیسے مقامات پر بھی اس طرح کے حملے ہو رہے ہیں اور حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ انہیں روکنے کے لیے کیا کارروائی کی گئی ہے۔
ڈویژن بنچ نے کہا کہ چونکہ ریاستی حکومت نے خود اس مسئلے کے وجود کو تسلیم کیا ہے، اس لیے فی الحال کسی عبوری حکم کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ حلف نامے کے ذریعے پورے معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔
قابلِ ذکر ہے کہ 22 جون کو دائر کی گئی اس مفادِ عامہ کی عرضی میں ترنمول کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر منصوبہ بند طریقے سے حملے کیے جا رہے ہیں۔ عرضی میں اراکینِ اسمبلی کنال گھوش، مدن مترا، ابھیشیک بنرجی اور ڈیریک او برائن کے ساتھ ساتھ کلیان بنرجی پر مبینہ حملوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ الزام لگایا گیا ہے کہ پارٹی کارکنوں پر حملے کیے جا رہے ہیں اور پارٹی دفاتر میں توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔ یہ مفادِ عامہ کی عرضی وکیل شرشنیہ بنرجی نے دائر کی ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد مختلف معاملات میں ترنمول رہنماؤں کی گرفتاریوں کے دوران انہیں تھانے یا عدالت لے جاتے وقت بی جے پی کارکنوں اور کچھ مقامی لوگوں کی جانب سے انڈے پھینکے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان حالات میں پولیس کئی ملزمان کو حفاظتی اقدام کے طور پر ہیلمٹ پہنا کر عدالت اور تھانے لے جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد