
نئی دہلی، 30 جون (ہ س): ڈاکٹرس ڈے کے موقع پر مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود اور ایمس کے صدر جگت پرکاش نڈا نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے تمام ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کی۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ایمس کے فیکلٹی اراکین، ریزیڈنٹ ڈاکٹروں، نرسنگ افسران، سائنس دانوں، طبی عملے، تکنیکی و انتظامی ملازمین، صفائی کارکنوں اور معاون عملے کی مریضوں کی خدمت، طبی تعلیم، تحقیق، اختراع اور قوم کی تعمیر میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔
انہوں نے فیکلٹی ایسوسی ایشن آف ایمس اور ایمس انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے فیکلٹی کی فلاح و بہبود، ادارہ جاتی ترقی، ایمس ماسٹر پلان پر عمل درآمد، فیکلٹی رہائش اور دفتری سہولیات سے متعلق امور، سی جی ایچ ایس ، آٹھویں تنخواہ کمیشن سے متعلق معاملات، انتظامی اصلاحات اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کی ستائش کی۔
نڈا نے ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سمیت مختلف تنظیموں اور آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے رضاکارانہ خون عطیہ مہم، یوگا اور فلاحی پروگراموں، واک ٹو ون فٹنس مہم، سالانہ طبی معائنوں اور ڈیجیٹل عوامی بیداری مہمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی خدمت کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا بھی خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔
ڈاکٹرس ڈے کے موقع پر انہوں نے تمام طبی عملے سے اپیل کی کہ وہ ہمدردانہ مریض نگہداشت، اخلاقی طبی خدمات، سائنسی معیار، تحقیق و اختراع، احتیاطی صحت اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد