
چنئی، 3 جون (ہ س) تمل ناڈو میں اگلے چند دنوں تک موسم میں تبدیلی کی توقع ہے۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے 16 اضلاع میں 3 اور 4 جون کو بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ وہیں، جنوب مغربی مانسون 4 جون سے کیرالہ میں فعال ہونے کی توقع ہے، اور اس کے اثرات تمل ناڈو کے کئی حصوں میں بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب اور جنوبی کیرالہ کے ساحل کے قریب ایک طوفانی گردش سرگرم ہے۔ اس کے علاوہ، مشرقی مدھیہ پردیش اور اس سے ملحقہ چھتیس گڑھ پر طوفانی گردش سے ایک ٹرف لائن ودربھ، تلنگانہ اور رائلسیما سے ہوتی ہوئی شمالی تمل ناڈو تک پھیلی ہوئی ہے۔ ان موسمی حالات کی وجہ سے ریاست کے کئی علاقوں میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق3 اور4 جون کو نیلگیری، کوئمبٹور، تھینی، تروپپور، تینکاسی، ڈنڈیگل، ترونیل ویلی، کنیا کماری، ایروڈ، سیلم، دھرما پوری، کرشنا گری، تروپتھور، ویلور، رانی پیٹ اور ترووننملائی اضلاع میں ایک یا دو مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 5 جون کو ریاست کے کئی اضلاع میں تیز ہواوں، گرج چمک اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ نیلگیری، کوئمبٹور، تروپور، تھینی، تینکاسی، کنیا کماری، ترونیل ویلی، توتیکورن، ویردھو نگر، مدورائی، شوگنگئی ،تنجاور،تروروراور میالاڈوتھورائی سمیت 19 اضلاع میں، موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، 8 جون تک تمل ناڈو کے کئی حصوں کے ساتھ ساتھ پڈوچیری اور کرائیکل علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کے دوران لوگوں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس دوران، ریاست کے کئی حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ منگل کی صبح ساڑھے 8بجے تک، ترونیل ویلی ضلع کے سرولر ڈیم، پالی پٹو، اور سری وِلّی پتھور کے علاقوں میں سب سے زیادہ 6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دارالحکومت چنئی میں بھی موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔ شہر کے بعض علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت معمول کی سطح کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی