
نئی دہلی، 3 جون (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی لیڈروں نے دہلی کے مالویہ نگر میں ایک ریستوران میں آگ لگنے سے 21 لوگوں کی موت پر شدیدغم کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پوسٹ میں مالویہ نگر میںلگنے والی آگ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ اس واقعہ میں جانوں کے ضیاع کی خبر بہت تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے آگ کے واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے دعا کی کہ وہ غم کی اس گھڑی میں انہیں طاقت اور ہمت دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وہ مالویہ نگر میں لگنے والی آگ سے بہت غمزدہ ہیں۔ مقامی انتظامیہ راحت اور بچاو¿ کاموں میں مصروف ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
وزیر زراعت شیوراج سنگھ نے کہا کہ کئی قیمتی جانوں کی بے وقت موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔
مرکزی وزیر توانائی منوہر لال کھٹر نے مالویہ نگر کی آگ کو دل دہلا دینے والا قرار دیا اور اس مشکل وقت میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ مالویہ نگر آتشزدگی میں کئی لوگوں کی موت کی خبر بہت تکلیف دہ ہے۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے تعزیت کا اظہار کیا اور کانگریس کے تمام کارکنوں سے راحت اور بچاو¿ کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مالویہ نگر میں آتشزدگی کے واقعہ پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت اور حکام متاثرین کو فوری طبی امداد کے ساتھ مناسب اور بروقت معاوضہ فراہم کریں۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ مالویہ نگر کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے بڑی تعداد میں لوگوں کی موت اور تین درجن سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے مالویہ نگر حادثہ میں کئی لوگوں کی موت کی خبر کو تکلیف دہ بتاتے ہوئے بابا مہاکال سے مرنے والوں کو اپنے قدموں میں جگہ دینے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، مالویہ نگر میں آج اتنا بڑا واقعہ پیش آیا۔ 21 لوگوں کی موت افسوسناک ہے۔ دہلی میں لگاتار آتشزدگی کے واقعات اور معصوم لوگوں کی موت انتہائی تشویشناک ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی