
نئی دہلی، 3 جون (ہ س)۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ نے بدھ کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور جدید مینوفیکچرنگ کو باہمی تعاون کی اہم ترجیحات کے طور پر شناخت کیا۔
اس معاہدے پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جنوبی افریقہ کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے نائب وزیر نومالنگیلو جینا کے درمیان کرتویہ بھون میں منعقدہ دو طرفہ میٹنگ میں دستخط کیے گئے۔ ہندوستانی وفد میں ڈاکٹر راجیش ایس گوکھلے، سکریٹری، محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات، محکمہ کے سینئر حکام اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل تھے۔ جنوبی افریقی وفد کی قیادت نائب وزیر ڈاکٹر نومالنگیلو جینا کر رہے تھے اور اس میں محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات اور جنوبی افریقی ہائی کمیشن کے سینئر حکام شامل تھے۔
میٹنگ میںدونوں ممالک نے کوانٹم ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، جینومکس، ویکسین کی تحقیق اور ہائیڈروجن توانائی میں نئی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سائنس اور تحقیق کو صنعت اورا سٹارٹ اپس سے جوڑ کر جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
صحت کی ٹیکنالوجی، وبائی امراض کی تیاری اور سستی طبی حل تیار کرنے کے لیے تعاون کو مضبوط کیا جائے گا۔
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے ساتھ اے آئی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک نے سائنس دانوں، تحقیقی اداروں اور صنعت کے درمیان بات چیت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی، سائبر فزیکل سسٹم، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور اسٹارٹ اپ کی قیادت میں اختراع کے شعبوں میں دنیا کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے اختراعی ماحولیاتی نظام کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت جنوبی افریقہ کے ساتھ باہمی تحقیق، ٹیکنالوجی کی ترقی اور جدت طرازی کی شراکت کے نئے مواقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنس کو تیزی سے ایسے حلوں میں تبدیل کیا جانا چاہیے جو زندگیوں کو بہتر بنائیں، ملازمتیں پیدا کریں اور معیشتوں کو مضبوط کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے تعاون کو صرف سائنسی برتری پر ہی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے استعمال، کمرشلائزیشن اور سماجی نتائج پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
جنوبی افریقہ کے نائب وزیر برائے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعی، نوملونگیلو جینا نے کہا کہ جنوبی افریقہ ہندوستان کو ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر اہمیت دیتا ہے اور ترجیحی شعبوں میں ادارہ جاتی روابط، تحقیقی تعاون اور اختراعی شراکت داری کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ دوطرفہ سائنسی تعاون کی مضبوط بنیاد کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے پہلے ہی باہمی تعاون سے متعلق تحقیقی اقدامات کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے، جس میں مختلف سائنسی شعبوں میں تقریباً 150 تعاون سے چلنے والے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اب یہ شراکت داری ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں اور جدت پر مبنی تعاون میں نمایاں توسیع کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی