
شملہ، 3 جون (ہ س)۔ جون کے پہلے ہفتے میں ہماچل پردیش میں شدید گرمی کی لہر نہیں دیکھی گئی ہے اور آنے والے دنوں تک موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ موسم کی تازہ ترین پیشین گوئی بتاتی ہے کہ مغربی خلل ریاست میں 9 جون تک سرگرم رہے گا۔ اس سے پہاڑوں سے لے کر میدانی علاقوں تک کے باشندوں کو شدید گرمی سے راحت ملے گی، لیکن طوفان، ژالہ باری، آسمانی بجلی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا خطرہ بھی برقرار رہے گا۔
موسمیاتی مرکز شملہ کی طرف سے جاری کی گئی پیشین گوئی کے مطابق ریاست میں سرگرم مغربی خلل اور مقامی موسمی حالات کے اثر کی وجہ سے اگلے ایک ہفتے تک بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے 4 اور 5 جون کو کئی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 4 اور 5 جون کے لیے کچھ مقامات پر ژالہ باری کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ دیگر علاقوں کے لیے ایلو الرٹ موثر رہے گا۔ 6 جون تک کئی اضلاع میں تیز ہواوں، آسمانی بجلی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کسانوں، باغبانوں، سیاحوں اور کھلے علاقوں میں رہنے والے افراد اس دوران خصوصی احتیاط برتیں۔ تیز ہواوں اور ژالہ باری سے پھلوں اور موسمی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں موسم کا یہی انداز دیکھا گیا۔ شملہ ضلع کے روہڑو میں سب سے زیادہ 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سرمور ضلع کے راج گڑھ میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ منالی، مراری دیوی اور راج گڑھ میں 6-6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ جوگندر نگر میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نہ صرف بارش بلکہ کئی مقامات پر آسمانی بجلی اور تیز ہواو ں کی بھی اطلاع ہے۔ شملہ، کانگڑا اور مراری دیوی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کی اطلاع ملی، جب کہا تابو اور سندر نگر میں زبردست گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
موسم کی اس تبدیلی سے درجہ حرارت بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ریاست کے بالائی علاقوں میں صبح اور راتیں ٹھنڈی رہیں۔ لاہول اسپیتی ضلع کا کوکمسیری بدھ کو سب سے سرد مقام تھا، جہاں کم از کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تابومیں 6.2 ڈگری سیلسیس، کیلونگ میں 6.3 ڈگری سیلسیس اور کلپا میں 10.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
درمیانی اور زیریں پہاڑی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت کفری میں 11.9 ڈگری سیلسیس، سراہن میں 14.5 ڈگری سیلسیس، منالی میں 15.0 ڈگری سیلسیس، شملہ میں 15.8 ڈگری سیلسیس، سولن میں 17.0 ڈگری سیلسیس، سیﺅباغ میں 17.5 ڈگری سیلسیس، 17دھرم شالہ 17.6 ڈگری ، پالم پور میں 18.0 ڈگری سیلسیس اور ناہن میں 18.7 ڈگری سیلسیس رہا۔جبکہ بھونتر میں کم سے کم درجہ حرارت 19.0 ڈگری سیلسیس، کانگڑا اور چمبا میں 19.3 ڈگری سیلسیس، جبڑہٹی میں 19.8 ڈگری سیلسیس، سندر نگر میں 20.7 ڈگری سیلسیس، برٹھی میں 20.8 ڈگری سیلسیس،اونامیں 21.8 ڈگری سیلسیس، منڈی میں 22.0 ڈگری سیلسیس اور بلاس پور میں 23.5 ڈگری سیلسیس کم از کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔ دیہراگوپی پور اور پاونٹا صاحب سب سے زیادہ گرم مقامات میں شامل تھے جہاں کم از کم درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس رہا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی