
پونے، 3 جون (ہ س)۔ پونے پولیس نے پونے، دہلی، کُرکمبھ اور سانگلی علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3,700 کروڑ روپے مالیت کا میفیڈرون ضبط کیا ہے۔ اس معاملے میں گرفتار ملزمان سے کی گئی پوچھ گچھ کے دوران منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کا ایک بڑا ذخیرہ بھی بے نقاب ہوا ہے۔
تفتیش کے دوران ایک گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ میفیڈرون تیار کرنے کے لیے درکار خام مال وشرا نت واڑی علاقے میں ایک ٹیمپو میں چھپا کر رکھا گیا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر کرائم برانچ کی ٹیم نے ہفتہ کے روز چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 340 کلو گرام خام مال ضبط کر لیا۔
پولیس کمشنر امیتیش کمار کے مطابق ضبط شدہ ذخیرے میں مختلف کیمیائی مادے شامل ہیں، جنہیں میفیڈرون اور میتھ جیسے نشہ آور مادوں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ خام مال کو جانچ کے لیے فرانزک لیبارٹری روانہ کیا جائے گا، جہاں اس میں شامل کیمیائی اجزاء کی تفصیلی جانچ کی جائے گی۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا تھا کہ پونے-شولاپور شاہراہ پر واقع کُرکمبھ صنعتی علاقے کے ایک کارخانے میں میفیڈرون کی تیاری جاری تھی۔ پولیس نے وہاں چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کا میفیڈرون ضبط کیا تھا۔
اس معاملے میں اب تک نو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ میفیڈرون اسمگلنگ کے مبینہ سرغنہ سندیپ دھونیا کے بیرونِ ملک فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ گرفتار ملزمان سے جاری پوچھ گچھ کے دوران ملک اور بیرونِ ملک پھیلے منشیات اسمگلنگ کے ایک وسیع نیٹ ورک کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہو رہی ہیں اور پولیس نے اس سلسلے میں اپنی تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے