کویت میں ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے معاملے پر کانگریس کے جنرل سیکریٹری کا وزیر خارجہ کو مکتوب
نئی دہلی، 03 جون (ہ س)۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) اور پارلیمنٹ کی عوامی احتسابی کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کے سی وینوگوپال نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھ کر کویت ایئرپورٹ پر ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد وہاں پھنسے ہندوستانی شہری
پی اے سی


نئی دہلی، 03 جون (ہ س)۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) اور پارلیمنٹ کی عوامی احتسابی کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کے سی وینوگوپال نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھ کر کویت ایئرپورٹ پر ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

کے سی وینوگوپال نے اپنے خط میں کہا کہ حملوں کے بعد ہوائی اڈے اور اس کے اطراف بڑی تعداد میں بھارتی شہری پھنس گئے ہیں اور خوف و غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے وزارت خارجہ سے درخواست کی کہ بحران سے نمٹنے کے اقدامات جنگی بنیادوں پر شروع کیے جائیں۔

انہوں نے وزیر خارجہ سے اپیل کی کہ بھارتی سفارت خانے کو ہدایت دی جائے کہ تمام بھارتی شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کویت حکومت اور ہوائی اڈہ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ قائم کرکے خوراک اور طبی امداد کی فوری فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کو تمام متعلقہ ایئرلائنز کو سختی سے ہدایت دینی چاہیے کہ متاثرہ مسافروں کے لیے سفری شیڈول میں تبدیلی (ری شیڈولنگ) مکمل طور پر مفت کی جائے۔

وینوگوپال نے مسافروں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے فعال ہنگامی ٹول فری ہیلپ لائن قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہیلپ لائن کے قیام سے کویت میں پھنسے بھارتیوں کو بروقت معلومات اور مدد فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے ان مسافروں کے لیے ہنگامی سفری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا جن کے سفری دستاویزات گم ہو گئے ہیں، تاکہ ان کی بھارت واپسی یقینی بنائی جا سکے۔

قابلِ ذکر ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملہ کیا گیا۔ ایئرپورٹ کے ٹرمینل-1 کو نشانہ بناتے ہوئے کیے گئے ان حملوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایئرپورٹ کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اب تک ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد تمام پروازوں کی آمد و رفت فوری طور پر معطل کر دی گئی۔ کویت کی پبلک اتھارٹی فار سول ایوی ایشن (پی اے سی اے) نے بتایا کہ حملے کے بعد ایئرپورٹ کا ایمرجنسی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ پی اے سی اے کے ترجمان عبداللہ الراجحی کے مطابق مسافروں، عملے اور ایئرپورٹ کی تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام طے شدہ حفاظتی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ٹرمینل-1 پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد فضائی ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ متعدد پروازوں کو قریبی دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ تکنیکی اور سیکیورٹی ادارے ایران کے تازہ حملے کے بعد ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande