
پونے، 28 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع پونے میں واقع پابے گھاٹ پر اتوار کی علی الصبح ایک نجی بس تقریباً 50 فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کا علاج ویلہے کے سرکاری دیہی اسپتال میں جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات ویلہے پولیس اسٹیشن کی ٹیم کر رہی ہے۔ ویلہے پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر کشور شیلکے نے بتایا کہ نجی بس پابے گاؤں سے راج گڑھ قلعہ جا رہی تھی۔ بس میں ڈرائیور سمیت 22 افراد سوار تھے۔ پابے گھاٹ کے ایک موڑ پر پہنچنے کے بعد بس بے قابو ہو کر تقریباً 50 فٹ گہری کھائی میں الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ امدادی اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت وشواس بابوراؤ ساتم (25) اور دھونی چندریش ٹھکر (23) کے طور پر ہوئی ہے۔ بس کا ڈرائیور سندیپ توکارام گائیکواڑ بھی الٹی ہوئی بس کے نیچے پھنس گیا تھا۔ ڈرائیور سمیت تقریباً 20 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے ڈرائیور کے خلاف مبینہ لاپروائی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے