
لداخ , 28 جون (ہ س)۔ لداخ انتظامیہ نے ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی آف روڈ ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے چار گاڑی مالکان پر مجموعی طور پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔سرکاری حکام کے مطابق وائلڈ لائف محکمہ نے چار گاڑیوں کے مالکان پر فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جنہوں نے پینگونگ جھیل، چانگ تھانگ کولڈ ڈیزرٹ وائلڈ لائف سینکچری اور نوبرا کے محفوظ علاقوں میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلائیں۔ تمام گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا تھا اور جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی انہیں رہا کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں معمول کی نگرانی اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے ذریعے متعدد خلاف ورزیوں کا پتہ چلا، جن میں جھیل کے پانی میں گاڑی اتار کر اسٹنٹ کرنا، محفوظ علاقوں میں آف روڈ ڈرائیونگ اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچانا شامل تھا۔لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے کہا کہ لداخ آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم ہے، تاہم انہیں ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ محفوظ علاقوں میں آف روڈ ڈرائیونگ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت قابل سزا جرم ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر