
پولیس انکاؤنٹر کے بعد گئو کشی کے مقدمے میں مطلوب تین ملزمان گرفتار، اسلحہ، کارتوس، گاڑی اور آلات برآمد
علی گڑھ، 28 جون (ہ س)۔
علی گڑھ کے تھانہ ٹپل پولیس اور کرمنل انٹیلی جنس ونگ کی مشترکہ کارروائی میں گئو کشی کے ایک مقدمے میں مطلوب تین ملزمان کو پولیس انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین غیر قانونی دیسی پستول، زندہ اور استعمال شدہ کارتوس، گئو کشی میں استعمال ہونے والے آلات اور ایک سینٹرو کار بھی برآمد کی ہے۔
پولیس کے مطابق 2 جون 2026 کو تھانہ ٹپل کے گاؤں کورانہ میں ایک کسان کے کھیت میں گئو کشی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے سلسلے میں گئو ہتیا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تلاشی اطلاع ملی کہ مقدمے سے متعلق ملزمان دو گاڑیوں میں تھانہ ٹپل علاقے میں گھوم رہے ہیں۔ چیکنگ کے دوران جب پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت منیم عرف منتری ولد حسرت، تسلیم ولد حسرت خان (دونوں ساکنان نگلیا نارائن پور، ضلع بلندشہر) اور بھورا ولد فرید خان (ساکن گاؤں رائٹ، ضلع علی گڑھ) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے تین دیسی پستول، تین زندہ کارتوس، تین خالی کارتوس، گئو کشی میں استعمال ہونے والے آلات اور ایک سینٹرو کار برآمد کی۔ اس سلسلے میں پولیس مقابلہ، اسلحہ ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت ایک الگ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں اعظم، عارف، نعیم اور لالا کے ساتھ مل کر یکم اور 2 جون کی درمیانی شب گاؤں کورانہ کے قریب گئو کشی کی واردات انجام دی تھی اور گوشت دہلی میں فروخت کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد چاروں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ