
علی گڑھ, 27 جون (ہ س)۔
لکھنؤ کے کوچنگ سینٹر میں پیش آئے المناک آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے طلبہ و طالبات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سماجوادی طلبہ سبھا کی جانب سے ہفتہ کے روز دیوانی سے گھنٹہ گھر تک کینڈل مارچ نکالا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں موم بتیاں تھام کر حادثے میں جان گنوانے والے طلبہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ اس موقع پر غیر قانونی اور حفاظتی معیار کے بغیر چلنے والے کوچنگ سینٹروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ سماجوادی طلبہ سبھا کے شہری صدر محمد محسن میواتی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ جبکہ یوتھ بریگیڈ کے ریاستی سیکریٹری ایڈووکیٹ عمران پٹھان نے کہا کہ آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے تمام تعلیمی اداروں میں حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرانا ضروری ہے۔
اس موقع پر شاداب جعفری، ہرش ٹھاکر، سردار پربھاؤ سنگھ، عابد ملک، ونود یادو، ابھیشیک کشواہا، روہت کمار، ارمان خان، ناظم میواتی، روہت اگروال، ظہیر، عمران علی، محمد طالب، محمد طارق، سمر ملک سمیت سماجوادی پارٹی اور طلبہ سبھا کے متعدد عہدیداران و کارکنان موجود رہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ