
وینزویلا میں زلزلے سے کم از کم 235 لوگوں کی موت
کاراکس، 26 جون (ہ س)۔ وینزویلا میں زلزلے سے بھاری تباہی ہوئی ہے۔ محض 40 سیکنڈ میں دو بار زلزلے کے طاقتور جھٹکے جھیل چکے لوگوں کو ابھی بھی ارضیاتی ہلچل ہونے کا خوف ستا رہا ہے۔ زلزلے سے اب تک کم از کم 235 لوگوں کی جان جا چکی ہے اور 1500 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے پہلے لوگوں کو 7.2 شدت کے زلزلے کا جھٹکا محسوس ہوا۔ اس کا اثر وینزویلا اور کیریبین کے دیگر علاقوں میں بھی ہوا۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق، ایک منٹ سے بھی کم وقت کے اندر 7.5 شدت کا ایک اور جھٹکا (آفٹر شاک) محسوس کیا گیا۔
وینزویلا کے اخبار ایل نیشنل، ایل پیس یو ایس اے اور الجزیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، اس وقت بچاو ٹیمیں گری ہوئی عمارتوں کے ملبے میں زندہ دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ وینزویلا کو بین الاقوامی سطح پر مدد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی کئی پیشکشیں ملی ہیں۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کا اندازہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ سکتی ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی انتباہ دیا ہے کہ زلزلے کے بعد مزید جھٹکے (آفٹر شاکس) آنے کا پورا امکان ہے۔ اس بات کا تقریباً 30 فیصد امکان ہے کہ ریکٹر اسکیل پر ان کی شدت 6 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
یو ایس جیولوجیکل سروے کے آٹومیٹڈ ہیزارڈ اسیسمنٹ سسٹم نے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور لیکویفیکشن (مٹی کے مائع بننے کے عمل) کا انتباہ دیا ہے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کا اندازہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 10,000 سے 100,000 کے درمیان ہونے کا 42 فیصد امکان ہے۔ اس سے 10 بلین ڈالر سے 100 بلین ڈالر کے درمیان معاشی نقصان ہو سکتا ہے۔
وینزویلا زلزلے کے لحاظ سے بہت حساس علاقہ ہے۔ یہ کیریبین اور جنوبی امریکی ٹیکٹونک پلیٹوں کی سرحد کے پاس واقع ہے، جو تقریباً مخالف سمتوں میں حرکت کرتی ہیں۔ اس سے زلزلے کا دباو پیدا ہوتا ہے۔ یہ دونوں زلزلے بوکونو فالٹ کے پاس آئے، جو ملک کے سب سے سرگرم اور خطرناک فالٹ میں سے ایک ہے۔ وینزویلا کی فاونڈیشن فار سیسمولوجیکل ریسرچ کے مطابق، ابھی تقریباً 80 فیصد آبادی زلزلے کے زیادہ خطرے والے علاقوں میں رہتی ہے۔
سب سے زیادہ تباہ کن زلزلہ جولائی 1967 میں کاراکس میں آیا تھا۔ اس میں تقریباً 240 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ کئی اونچی رہائشی عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔ وینزویلا میں 1900 کے بعد سے ملک کے شمالی حصے یا ساحل کے پاس 7 یا اس سے زیادہ شدت کے پانچ زلزلے آ چکے ہیں۔ اس سے پہلے 1812 میں آئے بھیانک زلزلے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے کے مطابق، اس میں تقریباً 30,000 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔
اس دوران انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس نے وینزویلا کے لیے کم از کم 40 ٹن انسانی امداد کی ابتدائی کھیپ بھیجنے کے ساتھ ایک ایمرجنسی لاجسٹکس آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ اور یورپ کی بڑی ایئر لائنز ابیریا، ایئر یوروپا، کوپا ایئر لائنز، ایویانکا اور لاتام نے کاراکس کے لیے اپنی پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی ہیں۔
امریکہ نے وینزویلا کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ترجیح عوامی مفاد میں تلاش اور بچاو کے کاموں میں تعاون کرنا ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ کی ہسپانوی زبان کی ترجمان نتالیا مولانو نے بتایا کہ آفت کے پہلے کچھ گھنٹوں کے اندر ہی وائٹ ہاوس نے وینزویلا کے لیے وسائل جمع کرنے کی خاطر مختلف وفاقی ایجنسیوں کے درمیان مربوط ردِعمل شروع کر دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن