
سیونی، 26 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے سیونی ضلع میں جبل پور-ناگپور نیشنل ہائی وے-44 پر جمعہ کی علی الصبح کرئی تھانہ علاقے میں گرام پچدھار کے پاس مزدوروں کو کیرل لے جا رہی ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے واقع مکان میں جا گھسی۔ اس حادثے میں تین مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ 10 زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، منڈلا اور ڈنڈوری اضلاع سے مزدور ایک ’طوفان‘ گاڑی (جیپ) میں سوار ہو کر روزگار کے لیے کیرل جا رہے تھے۔ گاڑی میں گنجائش سے زیادہ کل 29 لوگ سوار تھے، جن میں 12 مرد، 12 خواتین اور 5 بچے شامل تھے۔ گاڑی جمعہ کی علی الصبح تقریباً 4.30 بجے کرئی تھانہ علاقے کے گرام پچدھار کے پاس پہنچی تھی، تبھی گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور وہ دوسری لین میں جا کر سیدھے سڑک کنارے واقع مکان میں گھس گئی، جس سے دیوار کو نقصان پہنچا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ گھر کے اندر موجود لوگ محفوظ رہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرئی تھانہ پولیس، ایف آر وی-06 کھواسا ٹیم اور 108 ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا گیا اور علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔ تقریباً 10 زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کرئی میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ سنگین طور پر زخمی کچھ لوگوں کو ناگپور ریفر کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ایک مزدور کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دو مزدوروں نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ مہلوکین کی شناخت نریندر ولد جتو سونوانے ساکن پدی کونا تھانہ گھگھری پچھوارٹولا ضلع منڈلا، ڈرائیور دشرتھ دھروے ساکن گرام پدی کونا تھانہ گھگھری ضلع منڈلا اور سرجو ولد موتی لال بالرے ساکن گرام چابی تھانہ گھگھری ضلع منڈلا کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں، دو مزدوروں سنجے ولد سکھل پوسام ساکن بھینسواہی تھانہ گھگھری ضلع منڈلا اور دھنیشوری زوجہ وپن مراوی ساکن احمد پور تھانہ گھگھری ضلع منڈلا کو نازک حالت میں ناگپور ریفر کیا گیا ہے۔ برگھاٹ کے ایس ڈی او پی للت گٹھرے نے بتایا کہ حادثے میں تین مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ ابتدائی جانچ میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو اونگھ (نیند کی جھپکی) آنے کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو گئی اور مکان میں جا گھسی۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن