
ریاض،26جون(ہ س)۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منامہ میں قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات خلیج تعاون کونسل اور امریکہ کے درمیان مشترکہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ اسی دوران انہوں نے عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے بھی ملاقات کی۔سعودی اور قطری وزراءنے دوطرفہ تعاون کے تعلقات، علاقائی صورتحال، امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں اور امریکہ و ایران کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر تبادلہ خیال کیا۔ قطری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں وزراءنے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں پر غور کیا۔شیخ محمد بن عبدالرحمن نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا تاکہ بات چیت اور پر امن ذرائع سے مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے، جس سے علاقائی سلامتی کو فروغ ملے اور تعاون و خوش حالی کی نئی راہیں کھلیں۔دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے اپنے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ خلیجی عمل کو مستحکم کرنے پر بات کی۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں رہنماوں نے علاقائی پیش رفت، خاص طور پر امریکی-ایرانی معاہدے اور کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمان کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ دونوں وزراءنے علاقائی امور اور عمان-سعودی کوآرڈینیشن کونسل کے اقدامات کے تحت دو طرفہ تعاون کے مسائل پر مشاورت کی۔ بدر البوسعیدی نے 'ایکس' پر لکھا کہ منامہ میں شہزادہ فیصل کے ساتھ تعمیری مشاورت ہوئی جس میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے لیے تعاون کی ترجیحات طے کی گئیں۔ان ملاقاتوں کے متوازی، خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو بحرین میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات کی، جس میں امریکا-اسرائیل جنگ کے اثرات، (سوئٹزرلینڈ مذاکرات)، اسٹریٹجک شراکت داری اور واشنگٹن و تہران کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر بات چیت ہوئی۔اجلاس کے نتیجے میں خلیج تعاون کونسل نے زور دیا کہ کسی بھی علاقائی مفاہمت کو خلیجی ممالک کے سکیورٹی مفادات کا خیال رکھنا چاہیے، جبکہ واشنگٹن نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے ساتھ تکنیکی اور سیاسی بات چیت میں ہونے والی پیش رفت میں کونسل کے ممالک کو شامل رکھا جائے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan