
جموں, 26 جون (ہ س)۔
جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کی مہم نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت ڈوڈہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک اور کامیاب کارروائی انجام دیتے ہوئے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے تقریباً 6.31 گرام ہیروئن نما ممنوعہ مادہ برآمد کیا ہے۔پولیس کے مطابق، تھانہ ڈوڈہ کے ایس ایچ او کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سنکیت شرما ولد جگدیش راج سکنہ کلہنڈ، ضلع ڈوڈہ اور عابد علی ولد شاہ محمد سکنہ مرمت، حال مقیم گرڈ اسٹیشن ڈوڈہ ،غیر قانونی طور پر ہیروئن نما منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں اور ڈوڈہ شہر سے پرماز روڈ کی جانب منشیات لے جا رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکہ بندی کی، دونوں مشتبہ افراد کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران ان کے قبضے سے تقریباً 6.31 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔
اس سلسلے میں تھانہ ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 172/2026 درج کر کے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 21، 22 اور 29 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا، جبکہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران منشیات کے نیٹ ورک کے پس منظر اور آگے کے روابط، سپلائی کے ذرائع، منشیات کے ممکنہ خریداروں اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر